تازہ ترین

صدر جمہوریہ کووند کی دراس میں کرگل جنگ یادگار پر حاضری

تاریخ    16 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


یواین آئی
سرینگر// صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے جمعہ کو لداخ کے دراس علاقہ میں کرگل وار میموریل پر حاضری دے کر کرگل جنگ کے دوران جاں بحق ہونے والے بھارتی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔صدر جمہوریہ ہند کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کہا گیا،’’صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کرگل وار میموریل دراس کا دورہ کر کے ملک کی حفاظت کرنے کے دوران عظیم شہادتیں پیش کرنے والے بہادر فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے‘‘۔قبل ازیں صدر جمہوریہ نے ضلع اودھم پور میں واقع بھارتی فوج کی شمالی کمان کے ہیڈکوارٹرز پر سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کو ان کی سالگرہ کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے وہاں فوجی افسروں و اہلکاروں اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ بھی ملاقات کی اور انہیں دسہرے کے تہوار کی مبارک باد پیش کی۔یہ جانکاری بھی صدر جمہوریہ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ٹویٹس میں فراہم کی گئی۔ٹویٹ میں کہا گیا،’’صدر جمہوریہ کووند نے سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو ان کی سالگرہ کے موقع پر جموں و کشمیر کے ضلع اودھم پور میں شمالی کمان پر خراج عقیدت پیش کیا‘‘۔ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا،’’صدر کووند نے جموں و کشمیر کے ضلع اودھم میں شمالی کمان پر فوجی افسروں و اہلکاروں اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے دسہرے کے تہوار کے موقعے پر فوجیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا‘‘۔بتا دیں کہ صدر جمہوریہ لداخ اور جموں وکشمیر کے دو روزہ دورے پر تھے ۔رام ناتھ کووند جمعرات کے روز لداخ پہنچے تھے جہاں لیفٹیننٹ گورنر آر کے ماتھر نے ان کا استقبال کیا تھا اور لیہہ پہنچنے پر انہیں گارڈ آف اونر بھی پیش کیا گیا تھا۔انہوں نے جمعرات کو سندھو گھاٹ لیہہ پر سندھو درشن پوجا بھی کی تھی۔
 

تازہ ترین