تازہ ترین

زینہ پورہ شوپیان کے میوہ باغات میں نئے کیڑے کا حملہ ,محکمہ باغبانی کی کسانوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ

تاریخ    26 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


 سرینگر//محکمہ ہارٹی کلچر نے شوپیاں کے زینہ پورہ اور اْس کے ملحقہ دیہات کے میوہ باغات کے اندر ایک نئے حملہ آور کیڑے کے بارے میں کسانوں اور باغ مالکان کو آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ نئے حملہ آور کیڑے سے میوہ باغات کو نقصانات سے دوچار ہونے کا اندیشہ لاحق ہو گیا ہے۔ لہذا اس کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے کے ساتھ ساتھ ماہرین کے ساتھ بھی رابط قائم کیا جائے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ زینہ پورہ شوپیاں میں میوہ باغات کے اندر ایک نئے حملہ آور کیڑے کا پھیلاو پایا گیا ہے جس سے باغات کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ محکمہ ہارٹی کلچر کے مطابق یہ کیڑا ایک ’’لیف مائنر ‘‘ہے جو سیب کے پتوں کو اندر سے کھا جاتا ہے جس کی علامات بظاہر ’’آلٹر نیریا ‘‘داغ جیسی لگتی ہے۔ اب چونکہ اس کیڑے کی اکثریت اپنے بچاو کی حالت میں چلی گئی ہے ، اپنے بچاو کیلئے یہ کیڑا میوہ درختوں کے تنوں، پتوں، ٹہنیوں اور جمع شدہ ملبے کے اندر ایک سفید کھول میں چھپ جاتا ہے جس کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ہارٹی کلچر محکمہ کے مطابق نئے حملہ آور کیڑے سے بچنے کی خاطر میوہ باغات کے اندر گرے پڑے تمام پتوں کو جمع کرکے جلایا جائے ، بیماری لگے ہوئے گرے ہوئے اور گلے سڑے سیبوں کو دو فٹ گہرے گڑھے میں دفن کر دیا جائے۔ میوہ درختوں سے پتوں کی مکمل گراو کے بعد باغات کی کامل صفائی عمل میں لائیں اوراس کے بعد باغوں جتائی کو یقینی بنائیں۔ متاثرہ اور آس پاس کے میوہ باغات کے اندر کیڑے مار ادویات کے چھڑکاو کو یقینی بنائیں جس کیلئے ماہرین کے ساتھ رابط قائم کرے ادویات کے چھڑکاو کے بارے میں اْن سے رائے حاصل کی جائیں۔
 

تازہ ترین