تازہ ترین

اوڑی میں در اندازی کی کوشش | شبانہ فائرنگ کا تبادلہ، فوجی اہلکار زخمی

تاریخ    20 ستمبر 2021 (26 : 12 AM)   


نیوز ڈیسک
اوڑی // اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا۔واقعہ کے بعد لائن آف کنٹرول کیساتھ لگنے والے علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔پولیس ذرائع نے کہا کہ اوڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر گوہالن نامی گائوں کے نزدیک انگوری پوسٹ کے علاقے میں دوران شب مشتبہ حرکات و سکنات دیکھی گئیں جس کے بعد یہاں تعینات 12 جاٹ ریجمنٹ کے اہلکاروں نے الرٹ جاری کر کے فائرنگ کی۔ذرائع نے بتایا کہ اس موقعہ پر طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا جس میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔بعدمیں فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیا اور اتوار دن بھر یہاں تلاشی کارروائی جاری رہی۔پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ دراندازی کا واقعہ لگتا ہے اور چوکس فورسز نے انکی کوشش ناکام بنائی۔تاہم اس واقعہ کے بارے میں پولیس یا فوج کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔