تازہ ترین

زوجیلا میں المناک حادثہ | 2سگی بہنیں لقمہ اجل، والد اور ڈرائیور شدید زخمی

تاریخ    20 ستمبر 2021 (26 : 12 AM)   


غلام نبی رینہ
کنگن//زوجیلا میںایک المناک سڑک حادثے کے دوران دو سگی بہنیں لقمہ اجل جبکہ انکا والد اور ڈرائیور شدید طور پر زخمی ہوئے۔پولیس کے مطابق کنگن سے دراس کرگل جارہی ایک آلٹو کار زیر نمبر JK16B/1970کو دیال زیرو پوائنٹ زوجیلا پر حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں آلٹو کار تین سو فٹ گہری کھائی میں گرگئی جس کی وجہ سے گاڑی میں سوار دو بہنیں 28سالہ تحسینہ بانو اور 18سالہ تاہیرا بانو دختران نثار احمد لون دراس حال ساکن کیچپارہ کنگن کے علاوہ ان کا والد نثار احمد لون اور ڈرائیور ریاض احمد میر ولد عبدالرشید میر زخمی ہوگئے۔ سونہ مرگ پولیس اور فوج نے جائے حادثے کی جگہ پر پہنچ کر دو بہنوں اور زخمیوں کو پرائمری ہیلتھ سنٹر سونہ مرگ پہنچایا جہاں سے 2 زخمیوں کو مزید علاج و معالجہ کیلئے سب ڈسٹرک ہسپتال کنگن منتقل کیا گیا ۔ نثار احمد لون کیچپارہ کنگن سے اپنے آبائی علاقے دراس میں رشتہ داروں کے ہاں جارہا تھا، جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔بعد میں دونوں بہنیں سونہ مرگ اسپتال میں دم توڑ بیٹھی۔ جبکہ انکا والد اور ڈرائیور شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔بعد میں دونوں بہنوں کی لاشوں کو آبائی گھر دراس لیجایا گیا جہاں انکی تدفین کی گئی۔