تازہ ترین

پولیس ڈیوٹی کے دوران چوکنا رہیں

امن کا ماحول بگاڑنے کی کوششیں نا کام بنائیں: دلباغ سنگھ

تاریخ    17 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


شاہد ٹاک
 شوپیان//ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے جمعرات کوجنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مشترکہ سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم کا افتتاح کیا۔پولیس سربراہ نے افسران پر زور دیا کہ وہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سخت کوشش کرنے کی حکمت عملی اپنائے رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، دیگر سیکورٹی اداروں کیساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف مربوط کارروائی جاری رکھیں تاکہ دیرپا امن کو یقینی بنایا جا سکے ۔ڈی جی پی نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس اہلکاروں کو نوجوانوں کو دہشت گردی کی طرف دھکیلنے والے عناصر سے سختی سے نمٹنا چاہیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ان سرگرمیوں میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں اورایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔انہوں نے کہا کہ فورسز کو زیادہ چوکس رہنا چاہیے تاکہ امن مخالف عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔ ڈی جی پی نے افسران پر زور دیا کہ وہ سکیورٹی منصوبوں کو مضبوط اور وسعت دیں کیونکہ ملک دشمن عناصر ہمیشہ خامیوں کی تلاش میں رہتے ہیں اور ان کا مقصد امن کو خراب کرنا ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں شریک افسران نے امن و امان کے لیے اپنے ماتحت علاقوں میں عمل میں لائے گئے حفاظتی اقدامات کے بارے میں پولیس سربراہ کو تفصیلی طور آگاہ کیا۔اس دوران ڈی جی پی نے جوانوں اور افسران کے دربار سے خطاب کرتے ہوئے  پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کی طرف سے امن و امان کو برقرار رکھنے کی مشترکہ اور مربوط کوششوں کے لیے ان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جے کے پی اور دیگر سیکورٹی فورسز کی سرشار کوششوں کی وجہ سے مجموعی حالات ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پشت پناہی والے عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹی اور من گھڑت کہانیاں پھیلا کر اور کچھ پرانی ویڈیوز کی تشہیر کر کے انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور  ان سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ڈی جی پی نے افسران اور جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ ڈیوٹی کے دوران انتہائی چوکنا رہیں۔