تازہ ترین

وادی میں پہلی مرتبہ Bentall’sجراحی | سکمز میں ڈاکٹروں نیخاتون کے دل کے کئی حصے تبدیل کردئے

تاریخ    17 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


پرویز احمد
سرینگر // شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں شعبہ امراض قلب کے ماہرین نے ایک 54سالہ خاتون کے دل کی سب سے لمبی نس کے بنیادی حصے کو تبدیل کرکے ایک انوکھی جراحی انجام دی ہے۔ جراحی انجام دینے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سرجری کے دوران دل کی مختلف نسوں کو نئی بنیاد میں نصب کیا گیا ۔ جراحی کے اس عمل کو Bentall’s operationکے نام سے جانا جاتا ہے اور یہ پہلی مرتبہ سکمز میں انجادی گی گئی۔ پروفیسر محمد اکبر بٹ کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے کپوارہ سے تعلق رکھنے والی 52سالہ خاتون پر جراحی عمل میں لائی ہے۔ پروفیسر محمد اکبر بٹ نے بتایا ’’ دل کی سب سے لمبی نس کے بنیادی حصہ میں درد  سے مریضہ پریشان تھی جبکہ اس کے ایک حصہ سے خون بھی باہر آرہا تھا‘‘ ۔ انہوں نے کہا ’’ صورتحال ابتر ہونے کی وجہ سے مریضہ کی جان خطرے میں تھی اور وہ کبھی بھی حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہوسکتی تھی‘‘۔ڈاکٹر محمد اکبر نے بتایا ’’ مریضہ کی جراحی کی گئی اوردل کی سب سے لمبی نس کے بنیادی حصہ کو ایک مصنوعی ٹیوب سے تبدیل کیا گیا جبکہ دل کی دیگر نسوں کو بھی ایک ہی جراحی میں مصنوعی ٹیوب میں نصب کیا گیا‘‘ ۔جراحی میں پروفیسر محمد اکبر بٹ کے علاوہ ڈاکٹر یعقوب خان، ڈاکٹر ایم ساحل اور ڈاکٹر عابد، ڈاکٹر طالب خان ، ڈاکٹر الطاف اور ڈاکٹر عمران کے علاوہ دیگر نیم طبی عملہ بھی شامل تھا۔انہوں نے کہا کہ جراحی کے دوران دل سے خون کی ترسیل نہیں ہوتی اور دل کو مکمل طور پرنکارہ بنادیا گیا ۔ڈائریکٹر سکمز صورہ ڈاکٹر اے جی آہنگر نے ڈاکٹروں کی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ جراحی بھارت کے چند ہی اسپتالوں میں انجام دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ سی وی ٹی ایس کو جراحیوں کیلئے  جدید آلات سے آراستہ کیا گیا ہے ۔ سکمز میں حالیہ دنوں شعبہ امراض قلب کے انتہاہی نگہداشت والے وارڈ کی صلاحیت 4بیڈ سے بڑھاکر 10بستر کردی ہے۔