تازہ ترین

پی ڈی پی دفعہ 370کی بحالی کیلئے لڑائی جاری رکھے گی :محبوبہ

تاریخ    17 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


جاوید اقبال
مینڈھر //پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ پارٹی دفعہ 370اور 35 اے کی بحالی کیلئے اپنی لڑائی جاری رکھے گی جبکہ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ جموں وکشمیر کو جلدازجلد ریاست کا درجہ دے ۔ڈاک بنگلہ مینڈھر میں ایک عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی صدر نے کہاکہ مرکزی حکومت نے غیر آئینی طریقہ سے جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کو ہٹا یا ہے جبکہ جموں وکشمیر کو تقسیم کرنے کا عمل بھی قبول نہیں کیا جارہا ہے ۔موصوفہ نے کہا کہ بھاجپا کی مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر کی عوام کیساتھ وعدہ کیا تھا کہ ان کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاہم اب عوام کو ایک بڑی الجھن میں ڈال دیا گیا ہے ۔پی ڈی پی صدر نے کہاکہ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن و کشمیر معاملے پر پارٹی کی پوزیشن واضح ہے جبکہ اس سلسلہ میں لڑائی کو جاری رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت جموں و کشمیر میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد روز گار کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے تاہم مرکزی حکومت نے ابھی تک عوام و بے روز گار نوجوانوں کیلئے کوئی واضح پالیسی نہیں بنائی ۔اس سے قبل تین روزہ دورے کے آخری دن مینڈھر آمد کر پارٹی لیڈران نے جڑانولی گلی میں محبوبہ مفتی کا استقبال کیا ۔مینڈھر میں اجلاس کے بعد مختلف علاقوں سے آئے لوگوں کے کئی وفود نے پی ڈی پی صدر سے ملا قات کر کے ان کو مشکلات وبنیادی سہولیات کی قلت کے سلسلہ میں آگاہ کیا ۔اجلاس کے دوران  سابقہ ایم ایل سی محمد رشید قریشی ،ایڈوکیٹ معروف خان ،زونل صدر حاجی محمد عظم ساگر ودیگر لیڈران کیساتھ ساتھ پنچایتی اراکین و عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔