تازہ ترین

ہائر سکینڈری سکول بوائز منڈی میں 5سو سے زائد طلباء زیر تعلیم

بیٹھنے کیلئے محض 3کمرے دستیاب ،ریاضی و معاشیات کی اسامیاں خالی

تاریخ    17 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل صدر مقام منڈی میں قائم کر دہ گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول بوائز میں پانچ سو سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں جبکہ انکے تدریسی عمل کیلئے محض 3کمرے دستیاب ہیں اس کے علاوہ سکول میں ریاضی اور معاشیات شعبوں میں آسامیاں بھی خالی پڑی ہوئی ہیں ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ منڈی میں مذکورہ سرکاری سکول کا قیام 1947سے بھی قبل کیا گیا تھا جبکہ 1982میں ہائی سکول کا درجہ بڑھا کر ہائر سکینڈری کیا گیا تھا لیکن ایک طویل عرصہ بیت جانے کے بعد بھی طلباء کے بیٹھنے کیلئے معیاری جگہ دستیاب نہیں ہو سکی ہے جس کی وجہ سے تدریسی عمل شدید متاثر ہورہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ حالانکہ محکمہ ایجوکیشن کی جانب سے طلباء کی پڑھائی کیلئے بند وبست کئے گئے ہیں لیکن حالیہ کچھ عرصہ سے ہا ئر سکینڈری سکول میں ریاضی ،اکنامکس و انگریزی مضامین کی اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں جبکہ ان کو پُر کرنے کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے بھی رجوع کیا جاچکا ہے لیکن ابھی تک اس جانب کوئی دھیان نہیں دیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سکول کی پرانی عمارت کو منہدم کر کے اس کی جگہ نئی عمارت کو تعمیر کیا جائے جبکہ بچوں کی سہولیت کیلئے مزید عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں بھی عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ غریب گھرانوں کے بچوں کو سکول میں معیاری سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جلدازجلد سکول میں خالی آسامیوں کو پُر کیا جائے ۔سکول کے نائب پرنسپل ابو بکر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جگہ کی قلت کے سلسلہ میں انہوں نے کئی مرتبہ اعلیٰ حکام کو تحریر ی طور لکھا ہے لیکن ابھی تک کو ئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی ۔