تازہ ترین

کشمیری مائیگرنٹ ریلیف ہولڈرز ایسو سی ایشن کا جموں میں احتجاج

تاریخ    17 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


جموں//کشمیری مائیگرنٹ ریلیف ہولڈرز ایسو سی ایشن نے جمعرات کے روز یہاں ریلیف کی ادائیگی میں تاخیر کے خلاف احتجاج درج کیا۔ احتجاجی ‘بھارت ماتا کی جئے ’، ‘وندے ماترم’ جیسے نعرے بلند کر رہے تھے ۔اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف بند ہونے کی وجہ سے ڈیڑھ لاکھ لوگ مشکلات میں ہیں۔انہوں نے کہا: ’جب ملی ٹنسی عروج پر تھی تو ہم نے کروڑوں روپیے مالیت کی جائیداد چھوڑ کر ملک کے باقی حصوں خاص کر جموں میں پناہ لے لی کیونکہ ہمیں امید تھی کہ ہندوستان ہمارا ہے ‘۔ان کا کہنا تھا: ’لیکن آج ہمیں پتہ چل رہا ہے کہ ہمارے پیچھے پاکستان کی گولی ہے اور آگے ہندوستان کی کھائی ہے‘۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہمیں نوے کی دہائی میں کشمیر میں بے سہارا چھوڑا گیا کیونکہ ہمارے تحفظ کے لئے کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔موصوف احتجاجی نے کہا کہ آج ہمارے لوگوں کے پاس دوائیاں خریدنے کے لئے پیسے نہیں ہیں اور ہماری حالت بگڑتی ہی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ریلیف کو ہمارے حق میں جلد سے جلد واگذار کیا جانا چاہئے ۔