تازہ ترین

مرکزی وزیر نے بڑی برہمنا سانبہ میں ترقیاتی پارک کا سنگ بنیاد رکھا

تاجروں کے وفود ، پنچایتی نمائندوںکیساتھ تبادلہ خیال کیااور ان کے مسائل کا جائزہ لیا

تاریخ    17 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


جموں//مرکزی حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے عوامی رَسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر وزیر براے مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم اِنٹرپرائزز ( ایم ایس ایم اِی) نارائن تاتو رانے  نے ترقیاتی پارک کا سنگ بنیاد رکھا اور بڑی براہمنا سانبہ میں تاجروں اور پی آر آئی کے وفود سے تبادلہ خیال کیا۔اِفتتاحی تقریب کے دوران رکن پارلیمنٹ جُگل کشور شرما ، ضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرمین کیشودت شرما، ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ انورادھا گپتا ، ڈائریکٹر لوکل باڈیز اَصغر حسین ، نائب صدر میونسپل کارپوریشن بڑی براہمنا کے علاوہ پی آر آئی اور میونسپل کارپوریشن کے نمائندے موجود تھے۔اِس موقعہ پر مرکزی وزیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت لوگوں کو اُن کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے پُر عزم ہے ۔اُنہوں نے حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے مختلف فلاحی اور ترقیاتی پروگراموں کے مؤثر عمل آوری کے لئے اِنتظامیہ اور عوام کے درمیان مضبوط ہم آۃنگی برقرار رکھنے کے لئے کہا۔بعد میں وزیر نے علاقے کے ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لینے کے لئے متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران اور تمام شراکت دارو ں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔دورانِ میٹنگ مرکزی وزیر نے صنعت کاروں کے مختلف وفود ، بلدیاتی نمائندوں اور پی آر آئی کے ساتھ بات چیت کی او ران کے مسائل اور خدشات سنے۔وفود میں وائن ٹریڈرس ایسو سی ایشن جموں ، ادھیوگ بھارتی ، چیمبر آف کامرس اور میونسپل کارپوریشن سانبہ، جموں بار ایسوسی ایشن ، بارڈر ویلفیئر ایسو سی ایشن ، یوتھ کلب سانبہ ، ڈی ڈی سی سانبہ اور ویوپار منڈل سانبہ کے چیئرمین اور ممبران شامل تھے۔وزیر موصوف نے وفود کو یقین دِلایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت تمام جائز عوامی مسائل کا حل کرنے کے لئے پُر عزم ہے اور جموںوکشمیر کے لوگوں کی طرف توجہ مرکوز ہے۔اُنہوں نے محکمہ صنعت و حرفت سے چھوٹے پیمانے کی صنعت کے کام ، ان منصوبوں کی ترقی کے لئے اُٹھائے جانے والے اقدامات اور مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلات طلب کیں۔وزیر موصوف نے متعلقہ اَفسران کو موقعہ پر ہی ہدایات بھی جاری کیں کہ کچھ مسائل کا جلد اَز جلد ازالہ کیا جائے۔اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی کے بے روزگار نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مرکزی حکومت کی طرف سے شروع کی گئی مختلف روزگار پیدا کرنے والی مرکزی معاونت والی سکیموں سے بھرپور استفادہ کریں۔