تازہ ترین

اپنی پارٹی صدرِ صوبہ یوتھ جموں گھورو کپور نیشنل کانفرنس میں شامل

تاریخ    16 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


 سرینگر//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس میں مختلف سیاسی ، سماجی اور عوامی شخصیات کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے اور اس سلسلے میں آج اپنی پارٹی کے جموں صوبے کے یوتھ صدر گھورو کپور نے نیشنل کانفرنس میں باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کی۔ اس سلسلے میں پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنی رہائش گاہ پر ایک مختصر تقریب پر موصوف کا پارٹی میں خیر مقدم کیا۔ اس موقعے پر پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، تنویر صادق، صدر صوبہ یوتھ جموں اعجاز جان، ترجمان عمران نبی ڈار اور نائب صدر صوبہ کشمیر احسان پردیسی بھی موجود تھے۔پارٹی لیڈران نے گھورو کپورکو پھولوں کے ہار پہنائے اور نیشنل کانفرنس میں خیر مقدم کیا۔ عمر عبداللہ نے نے بھی گھورو کپور کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وہ نیشنل کانفرنس کے ساتھ ساتھ پارٹی کی یوتھ ونگ کی مضبوطی کیلئے تن دہی سے کام کریں گے اور ساتھ ہی جموں و کشمیر کی نوجوان نسل کو درپیش چیلنجوں کے خاتمے میں بھی اپنا رول نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کافی تعداد میں نیشنل کانفرنس کی طرف راغب ہورہے ہیں جو انتہائی حوصلہ افزاء بات ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ہی مستقبل میں نیشنل کانفرنس اور جموں وکشمیر کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔