تازہ ترین

جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات اپنے دم پر لڑیں گے: بی جے پی

تاریخ    16 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


ڈوڈہ//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے کہا کہ ان کی جماعت اس یونین ٹریٹری میں اسمبلی انتخابات اپنے دم پر لڑے گی اور کسی کے ساتھ کوئی گٹھ بندھن نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا ہدف انتخابات میں 50 سے زیادہ نشستیں حاصل کر کے حکومت بنانا ہے۔رویندر رینہ نے بدھ کو یہاں بی جے پی کی ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا: 'جموں و کشمیر میں اسمبلی حلقوں کی سر نو حد بندی کے بعد انتخابات ہونے والے ہیں۔ بی جے پی ان انتخابات کے لئے پوری طرح سے تیار ہے'۔انہوں نے کہا: 'ہمارا ہدف انتخابات میں 50 سے زیادہ نشستیں حاصل کر کے حکومت بنانا ہے۔ جموں و کشمیر میں بی جے پی کا وزیر اعلیٰ لانا ہے'۔ان کا مزید کہنا تھا: 'بھاری اکثریت کے ساتھ ہم جموں و کشمیر میں حکومت بنانے والے ہیں۔ ہم انتخابات اپنے دم پر لڑیں گے۔ ہمارا کسی کے ساتھ کوئی گٹھ بندھن نہیں ہوگا'۔