تازہ ترین

مزید خبریں

تاریخ    15 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


نوشہرہ کے سرحدی دیہات میں پانی کی قلت 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے متعدد سرحدی دیہات میں گزشتہ کئی روز سے پانی کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامناکرناپڑرہا ہے ۔سب ڈویژن کے سرحدی گائوں بیری پتن اور سیال کی عوام نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مذکورہ دیہات میں گزشتہ 22روز سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی بغیر کسی وجہ کے بند پڑی ہوئی ہے تاہم متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کے باوجود بھی ان کو پینے کا صاف پانی سپلائی نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے محکمہ جل شکتی کے اعلیٰ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دیہات میں پانی کی سپلائی کو سنجیدگی کیساتھ لیا ہی نہیں جارہا ہے جبکہ مرکزی حکومت ہر ایک گھر میں پینے کا صاف پانی پہنچانے کے وعدے کررہی ہے تاہم زمینی سطح پر حالات یکسر مختلف ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی دیہات میں بند پڑی ہوئی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
 
 
 

راجوری آپریشن تیسرے دن بھی جاری رہا 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی //سب ڈویژن تھنہ منڈی اور تحصیل منجا کوٹ کے درمیانی علاقہ دوہری ماہل علاقہ میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے شروع کردہ آپریشن تیسر ے روز بھی جاری رہا تاہم پہلے دن کے بعد ابھی تک دوبارہ سے طرفین کے مابین کوئی فائرنگ کا تبادلہ نہیں ہوا ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ روز پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیم نے ہلاک شدہ جنگجو کے قبضہ سے اسلحہ برآمد کر کے منجا کوٹ پولیس سٹیشن میں ایک معاملہ بھی درج کرلیا تھا ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی صبح طرفین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا تاہم اس کے بعد کوئی فائرنگ کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا جبکہ سیکورٹی فورسز نے علاقہ کا محاصرہ جاری رکھ کر تیسر ے روز بھی تلاشی مہم جاری رکھی ۔
 
 
 

پیر پنچال کو علیحدہ پارلیمانی نشست دینے کا مطالبہ 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر کے بالاکوٹ فرنٹ لائن یوتھ نے بھاجپا کی مرکزی حکومت سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جاری نئی حد بندی کے دوران پیر پنچال خطہ کو علیحدہ سے پارلیمانی نشست دی جائے تاکہ پسماندہ خطہ کی عوام کی تعمیر وترقی ممکن بنائی جاسکی ۔انہوں نے کہاکہ خطہ میں آبادی پہاڑی قبائل کو ابھی تک ایس ٹی کا درجہ نہیں دیا گیا ہے جس کی وجہ سے پہاڑی قبائل کے نوجوانوں کیلئے کئی طرح کے مسائل پیدا ہوگئے ہیں ۔نوجوان کارکنوں نے کہاکہ بھاجپا نے مرکز میں اقتدار میں آنے سے قبل پہاڑیوں کیساتھ انصاف کرنے اور ان کو ایس ٹی کا درجہ دینے کی یقین دہانی کروائی تھی تاہم ابھی تک اس مانگ کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر میں شروع کردہ نئی حد بندی میں پارلیمنٹ سینٹوں کی بھی نئی حد بندی کی جائے جبکہ خطہ پیر پنچال کو جموں سے علیحدہ کر کے ایک نشست دی جائے تاکہ خطہ پیر پنچال کی تعمیر و ترقی کیلئے راہ ہموار ہو سکے ۔
 
  
 
 

پنجاب میں طالب علم کی مشکوک موت کی تحقیقات کی مانگ 

حسین محتشم
پونچھ// لدھیانہ پنجاب میں آر آئی ایم ٹی یونیورسٹی میں زیر تعلیم کشمیر کے طالب علم عمر احمد دیو ولد عبدالاحد دیو ساکن چیوڈارا بیروہ بڈگام کی پْراسرار موت کے بعد زندگی کے ہر ایک شعبہ سے تعلق رکھنے والے لوگ مذکورہ موت کے معاملہ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ضلع پونچھ کے ایڈوکیٹ رومان شوکت منہاس نے مرحوم نوجوان کے والدین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔انھوں نے طالب علم کی ہلا کت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مانگ کی ہے کہ اس دلدوز واقعہ کی پوری جانچ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمر دیو کی ہلا کت سے بیرونی ریاستوں میں زیر تعلیم طلباء کے والدین اور عزیز و اقارب میں بے چینی و فکر کی لہر دوڑ گئی ہے۔انھوں نے کہا کہ ایسے واقعات پیش آنے سے والدین بیرون ریاست تعلیم کے لئے اپنے بچوں کو نہ بھیجنے کی سوچ رہے ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ اس سے قبل بھی مختلف ریاستوں میں کشمیری تاجروں، مزدوروں اور طلاب کو مختلف بہانوں سے تنگ کیا جاتارہا ہے جس پر فوری طور روک لگانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مرکزی سرکار اورجموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے بیرون ریاست زیر تعلیم طلباء و تاجروں کی حفاظت یقینی بنائی جائے ۔
 
 
 

کووڈ ویکسین لگوانے کی اپیل 

حسین محتشم
پونچھ// سپرنا ٹینڈ نٹ راجہ سکھدیو سنگھ ہسپتال پونچھ ڈاکٹر مشتاق حسین نے ضلع کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ کووڈ کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ترجیح بنیادوں پر کووڈ ویکسین لگوائیں ۔ انہوں نے کہا اگر 100 فیصد نوجوانوں کی ویکسی نیشن ہو جائے گی تو حکومت سکول کالج کھولنے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ ساری کوششیں لوگوں کی حفاظت کیلئے ہیں تاہم سماج کے ہرایک شخص کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے شروع کر دہ ویکسین مہم کا فائدہ اٹھانا چاہئے ۔موصوف نے سیول سوسائٹی سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عوا م کو مذکورہ مہم کے کے سلسلہ میں زیادہ سے زیادہ بیدار کرنے کیلئے رول ادا کریں ۔
 
 

ڈی سی پونچھ کی قیادت میں آفیسران کا اجلاس 

حسین محتشم
پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے اپنے دفتر کے میٹنگ ہال میں رینٹ اسسمنٹ کمیٹی (آر اے سی) کا اجلاس طلب کیا جہاں انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ اجلاس کے دوران پرائیویٹ بلڈنگ میں چلنے والے مختلف محکمہ جات کے متعلق 18 کیس زیر بحث آئے جن میں سے 8 محکموں کے 8 کیسوں کو میٹنگ میں منظور کیا گیا جبکہ 10 کیسوں کو دستاویزات کی کمی کی وجہ سے وضاحت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے زمین کے مالک سے کہا کہ وہ فائلوں کی تکمیل کیلئے متعلقہ تحصیلداروں سے این او سی اور ٹائٹل سرٹیفکیٹ جمع کریں۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیو لپمنٹ ظاہر احمد کیفی ، پروگرام آفیسر ڈاکٹر محمد، تنویر خان سی او این سی سی پونچھ ، شری کانت رائے ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر شکیل احمد ، چیف اینمل اور بھیڑ پالن افسر ، بی ڈی او منکوٹ بفلیاز ، زیڈ ای او کے علاوہ تمام متعلقہ افسران موجود تھے۔