تازہ ترین

ادبی مرکز کمراز کی ڈاکٹر عزیز حاجنی کی یاد میں آن لائن تعزیتی تقریب

تاریخ    15 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//ادبی مرکز کمرازکی طرف اپنے سرپرست ڈاکٹر عزیز حاجنی کی یاد میں ایک آن لائن تعزیتی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں وادی سے باہرادیبوں ، دانشوروں اور قلمکاروں کی ایک کثیر تعداد نے خراج عقیدت پیش کیا۔مجلس کا آغاز مرکز کے جنرل سیکریٹری شبنم تلگامی نے کیا۔انہوں نے ڈاکٹر حاجنی کی تنظیم سازی اور ان کی مقتدر شخصیت کا بچھڑنا کشمیری زبان کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔سب سے پہلے مرکز کے صدر محمد امین بٹ نے کلیدی خطبہ پیش کیا اود ڈاکٹر حاجنی کی شخصیت کے مختلف گوشوں کو اجاگر کیااور ادبی مرکز کمراز کے تئیں ان کی شاندار خدمات کو سراہا۔پروگرام میں ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں رہنے والے مقتدر ادبا،شعراء اور دانشوروں نے مرحوم ڈاکٹر حاجنی کی خدمات کو سراہا اور ان کی المناک موت کو ایک عظیم سانحہ قرار دیا،جس سے جموں و کشمیر کے زبان وادب میں ایک خلا پیدا ہوا۔ان دانشوروں میں ساہتیہ اکیڈمی میں ہندی کے ایڈیٹر انوپم تیواری، گوری شنکر رینہ، امر ملموہی، بشیر بھدرواہی، ولی محمد اسیر، ظاہر بانہالی، منشور بانہالی، بی این بیتاب، راجیش رینہ، پیارے ہتاش اور موہن سنگھ شامل تھے جنہوں نے ڈاکٹر عزیز حاجنی کی شخصیت کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔پروگرام کی نظامت شاکر شفیع  نے انجام دی جبکہ ڈاکٹر رفیق مسعودی نے تحریک شکرانہ پیش کیا۔
 
 

 اجتماعی فاتحہ خوانی آ ج

 سرینگر//ڈاکٹر عزیز حاجنی کی اجتماعی فاتحہ خوانی آ ج یعنی بدھ کو صبح نو بجے حاجی ہاؤس نورانی کالونی کرسو پادشاہی باغ سرینگر میں انجام دی جارہی ہے۔مرحوم حا جنی کے فرزند اظہر حاجنی نے اپنے والد کے روح کی ابدی سکون کیلئے دعا کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا’’ ہمارا سارا خاندان اُن سبھی دوستوں، خیر خواہوں اور مذہبی ،سماجی اور سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ڈھارس ببندھائی‘‘۔