تازہ ترین

موڑھ بچھائی میں نصب خستہ حال ٹرانسفارمر

محکمہ مشینری کو تبدیل کرنے سے قاصر ،صارفین پریشان

تاریخ    14 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ کی موڑھ بچھائی پنچایت میں نصب کردہ بجلی ٹرانسفارمر خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے تاہم محکمہ پی ڈی ڈی مشینری کو تبدیل ہی نہیں کررہا ہے ۔صارفین نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوے کہاکہ پنچایت کے وارڈ نمبر سات محلہ ٹنڈ سیداں میں نصب کردہ ٹرانسفارمر 15سال پرانا ہے جس کی وجہ سے اب مشینری بار بار خراب ہوجاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 10برسوں میں انہوں نے اپنے خرچے پر کم از کم پانچ مرتبہ خراب ٹرانسفارمر کی مرمت کروائی ہے جبکہ ٹرانسفارمر کی تاریں لکڑیوں کی مدد سے جوڑی جاتی ہیں جو کہ علاقہ مکینوں کیلئے انتہائی خطرے ناک ہیں ۔صارفین نے بتایا کہ محکمہ مذکورہ مشینری کی خستہ حالی سے بخوبی واقف ہے لیکن جان بوجھ کر اس کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ گائوں میں زیادہ آبادی کا تعلق مزدوری پیشہ سے ہے لیکن اس کے باوجود بھی وہ بجلی کا ماہانہ کرایہ ادا کررہے ہیں تاہم متعلقہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے گائو ں میں نہ تو بجلی کی ترسیل کیلئے پختہ کھمبوں کا کوئی بندوبست ہے اور نہ ہی معیاری مشینری نصب کی جارہی ہے ۔لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ خستہ حال بجلی ٹرانسفارمر کو تبدیل کر نے کیساتھ ساتھ بجلی کے پختہ کھمبے بھی فراہم کئے جائیں ۔

تازہ ترین