تازہ ترین

بصیر خان نے پونچھ میں مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا

ضلع ترقیاتی کونسل و پی آر آئی کے اراکین کیساتھ اجلاس منعقد ،کئی وفود بھی ملے

تاریخ    14 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


حسین محتشم
 پونچھ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر خان نے سرحدی ضلع پونچھ کا دورہ کرتے ہوئے کئی ایک محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جبکہ اس دوران موصوف نے ضلع ترقیاتی کونسل اراکین کیساتھ اجلاس بھی منعقد کیا ۔ اپنے اس دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر نے ’’ پیر کی گلی ‘‘ سے ہی محکمہ دیہی ترقی کے کاموں کا معائینہ شروع کیا جہاں سے انہیں ضلع انتظامیہ کے افسران ، پولیس افسران نے محکمہ دیہی ترقی کے جاری کاموں اور محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام کاموں کے بارے جانکاری دی۔ انہوں نے ’نوری چھم‘ میں سیاحت پارک کا معائینہ کیا۔ کاموں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے پائیدار اثاثے بنانے اور کاموں کے معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ راستے میں انہوں نے سی ای او سیاحت کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی اور مغل روڈ کے ساتھ سیاحت کے امکانات کے دائرہ کار کو تلاش کرنے کیلئے ہدایات کیں۔ موصوف نے سیاحوں کی سہولت کیلئے سیاحتی انفراسٹرکچر خاص طور پر راستے کی سہولیات کو شامل کرنے کیلئے ایک منصوبہ تیار کرنے کی متعلقہ افسروں کو ہدایت جاری کیں ۔ ضلع انتظامیہ پونچھ کے افسران ضلع ترقیاتی کونسل کے ممبران اور معزز شہریوں کی کہکشاں کی موجودگی میں منعقدہ مختصر تقریب میں مشیر نے ایک کتاب ’’ خود روزگار سکیموں کا مجموعہ ‘‘ کی رسم رو نمائی کی۔ اس موقع پر بولتے ہوئے مشیر موصوف نے ضلع کے بے روزگار نوجوانوں میں سیلف ایمپلائمنٹ/انٹرپرینیورشپ کے جذبے کو ابھارنے کیلئے ضلع انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔ ضلع کے ترقیاتی پروفائل کی حیثیت کا جائزہ لیتے ہوئے بصیر خان نے کہا کہ پی آر آئی بنیادی طور پر ترقی کے بہت اہم اعضاء ہیں ۔زمینی سطح پر سرکاری سکیموں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد میں ان کا فطری کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ دیہی ترقی کو ہر پنچایت میں کھیل کے میدانوں کی ترقی کرنی چاہیے تاکہ مقامی نوجوانوں کو کھیلوں اور اپنی شخصیت کی نشوونما میں اپنی توانائی کو استعمال کرنے کی سہولت حاصل ہو۔
انہوں نے متعلقہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی دستیابی کے بارے میں رائے لینے کیلئے پی آر آئی کے ساتھ باقاعدگی سے میٹنگ منعقد کرنے کو کہا۔ انہوں نے انتظامیہ کو مزید ہدایت کی کہ عوامی نمائندوں کی جانب سے نشاندہی /پیش کردہ مسائل کو حل کیا جائے۔ بجلی کے منظر نامے اور پاور انفراسٹرکچر کی ترقی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے موصوف نے کہا کہ یونین ٹیریٹری انتظامیہ پورے یو ٹی میں بجلی کے منظر کو اپ گریڈ کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ خراب شدہ کھمبوں ، کنڈیکٹروں اور تاروں کی تبدیلی فوری طور پر کی جائے جہاں پہلے ضرورت ہے جیسا کہ اس سلسلے میں لی گئی میٹنگ میں پہلے ہی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آر آئیز کو اس عمل میں شامل ہونا چاہیے اور علاقے میں بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا تعاون کرنا چاہیے۔ضلع ترقیاتی کونسل اور بلاک ڈیولپمنٹ کونسل اراکین کیساتھ منعقدہ اجلاس میں موصوف نے زور دیتے ہوئے کہاکہ کووڈ کی روکتھام کیلئے ہر ایک شخص کو اپنا رول ادا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کوویڈ کے احتیاطی تدابیر  پر عمل کریں۔انہوں  نے ماسک پہننے ، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور گاؤں اور پنچایت کی سطح پر عوام کے درمیان ویکسی نیشن کروانے پر زور دیا۔ ضلع کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے ممتاز شہریوں کے وفود کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ، مشیر بصیر خان نے کہا کہ حکومت سب کی مساوی ترقی کیلئے پرعزم ہے تاکہ معاشرے کے بیشتر غریب طبقات کی فلاح و بہبودہو۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے اور افرادی قوت میں بہتری مرکزی علاقے کے ہر کونے میں دکھائی دے رہی ہے اور سڑکوں کے رابطے ، صحت کے بنیادی ڈھانچے ، بجلی اور پینے کے پانی کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ کے ساتھ مشن موڈ پر مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔اس سے قبل عوامی نمائندوں نے کئی ترقیاتی مسائل اٹھائے جن میں ٹرانسفارمر کی مرمت کی ورکشاپس کی تشکیل ، ضلع میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے جل شکتی سکیم کے تحت کاموں کا جلد آغاز ، شناخت شدہ علاقوں میں بینک کی شاخیں کھولنا ، درنگالی نالہ پر پل کی فوری مرمت، پونچھ شہر میں سڑک پر ٹریفک جام کے خاتمے کے لیے جسے مسائل حل کرنے کی اپیل کی۔
 

تازہ ترین