تازہ ترین

انسپائر ٹرسٹ بھلیسہ کا یک روزہ سیمینار اہتمام | معروف معالج ڈاکٹر اشتیاق احمد میر کو ’غنی پوری ایکسیلینسی‘ ایوارڈ سے نوازا گیا

تاریخ    13 ستمبر 2021 (00 : 12 AM)   


اشتیاق ملک
ڈوڈہ //انسپائر ٹرسٹ بھلیسہ کی جانب سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبوں سے وابستہ شخصیات نے حصہ لیا اور اس دوران دسویں جماعت کے بچوں کے درمیان ریاضی، انگریزی و سائنس مضامین میں کویز مقابلہ کا اہتمام کیا گیا۔ تحصیلدار بھلیسہ ارشاد احمد شیخ کی صدارت میں منعقد سیمینار میں جموں و کشمیر کے مشہور و معروف معالج و جی ایم سی جموں میں کارڈیالوجی شعبے کے ایسوسیٹ پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد میر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ چیف میڈیکل آفیسر ڈوڈہ ڈاکٹر محمد یعقوب میر ،علاقہ کے نامور ماہر تعلیم و ادیب غلام حسین ملک،سابق سی ایم او ڈاکٹر محمد اشرف میر، نائب تحصیلدار محمد حسین خان، معروف قانون دان ایڈووکیٹ امتیاز احمد میر، سابق جائنٹ ڈائریکٹر محکمہ پشو پالن ڈاکٹر عبد العزیز بٹ، سابق پرنسپل غلام حسین کوکا سابق پرنسپل محمد شفیع بٹ،غنیتہ العلوم کے سابق ہیڈ ماسٹر غلام حسین گنائی، ڈی ڈی سی ممبر معراج الدین ملک مولانا بشارت قاسمی، نامور شاعر ریاض احمد مصیعب نے تقریب میں مہمان ذی وقار کے فرائض انجام دئے ۔ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر فرحت عباس ملک نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے سیمینار کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ اس موقع پر مقررین نے علاقہ بھلیسہ کی سبھی سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنے دور میں علاقہ میں تعلیمی، سماجی، مذہبی، اقتصادی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مدرسہ غنیتہ العلوم کے بانی حضرت الحاج غلام قادر غنی پوری کی حیات و خدمات پر بھی روشنی ڈالی اور ان کے نام پر یعنی ’غنی پوری ایکسلینسی ایوارڈ‘ سے ڈاکٹر اشتیاق احمد میر کو ان کی خدمات پر نوازا گیا.۔چیئرمین انسپائر ٹرسٹ ڈاکٹر فرحت عباس ملک نے کہا کہ 'غنی پوری ایکسلینسی ایوارڈ' اسی سال متعارف کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں یہ ایوارڈ گولڈ میڈل کے طور پر دیا جائے گا۔ اس دوران مختلف شعبوں سے وابستہ بھلیسہ کی بیس شخصیات کو بھی ان کی نمایاں کارکردگی پر اعزازی اسناد سے سرفراز کیا گیا۔ تقریب کے دوران نظامت کے فرائض شبیر احمد شیخ، الحاج غلام نبی وانی چیئرمین راحت ویلفیئر سوسائٹی و چیف صلاحکار محمد اسحاق عارف نے انجام دیئے جبکہ جنرل سیکرٹری شاہنواز بٹ، سیکرٹری وصیت ٹاک کے علاوہ ڈاکٹر فاروق سلیم، ٹیچر فورم کے کوآڈینیٹر جماعت علی آگاہ، پرنسپل محمد ایوب شیخ،ٹیچر فورم ضلع صدر چوہدری محمد یاسین، چیرمین ایجوکیشنل و اینوائرمنٹل سوسائٹی محمد ایوب زرگر، سابق لیکچرار الحاج عبدالغنی متو، ماسٹر ارشد حسین میر، ٹیچر فورم کے صوبائی نائب صدر اسحاق رشید ملک، زونل صدر جعفر پڑے، سماجی کارکن آصف اقبال بٹ، ماسٹر فرحت عباس، جمیل ٹاک میر بھی پروگرام میں موجود رہے ۔ریاضی کے معروف استاد محمد اقبال بٹ و مدرس غنیتہ العلوم ظہیر عباس گنائی نے کویز مقابلہ کے کوآڈینیٹر کے طور پر اپنی خدمات انجام دیں۔ آخر پر کویز مقابلہ میں اول، دوم و سوم درجے پر رہے طلباء کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔