تازہ ترین

تحصیل منکو ٹ میں صارفین بجلی کی آنکھ مچولی سے پریشان | علاقہ میں ترسیلی نظام غیر معیاری ،غیر اعلانیہ کٹوتی بھی جاری

تاریخ    13 ستمبر 2021 (00 : 12 AM)   


جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی سرحدی تحصیل منکوٹ میں بجلی کے غیر معیاری ترسیلی نظام کیساتھ ساتھ غیر اعلانیہ کٹوتی کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔صارفین نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سرحدی تحصیل میں خستہ حال بجلی نظام کیساتھ ساتھ حالیہ کئی دنوں سے محکمہ کی جانب سے دن میں آدھا گھنٹہ بجلی سپلائی کرنے کے بعد چار سے پانچ گھنٹوں تک سپلائی بغیر کسی اعلان یا نوٹس کے بند کر دی جاتی ہے ۔انہوں نے ملازمین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ فیلڈ ملازمین صرف اپنے اپنے دیہات میں بجلی کے ماہانہ بل ارسال کرنے کیلئے آتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے بھاری ماہانہ بل ارسال کر دیئے جاتے ہیں لیکن زمینی سطح پر نہ تو بجلی کے خستہ حال نظام کو ٹھیک کیا جارہا ہے اور نہ ہی قاعدہ کے تحت بجلی کی سپلائی فراہم کی جارہی ہے ۔پنچایت ممبر میر محمد نے بتایا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کیساتھ ساتھ خستہ حال نظام کیلئے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے بھی رجوع کیا گیا ہے لیکن محکمہ کے آفیسران سرحدی تحصیل میں معقول بجلی سپلائی دینے کیلئے سنجیدہ ہی نہیں ہیں ۔سرحدی تحقیقات کے صارفین نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ سرحدی علاقوں میں بغیر خلل کے بجلی سپلائی بحال رکھی جائے جبکہ لاپرواہ ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔