تازہ ترین

کافی عرصہ بعدسنڈے مارکیٹ میں خریداروں کاہجوم | لوگوں کی کثیر تعداد نے مختلف اشیاء کی جم کرخریداری کی

تاریخ    13 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   
(عکاسی: امان فاروق)

نیوز ڈیسک
سرینگر//سنڈے مارکیٹ آج ایک بار پھر کھل گیا جہاں لوگوں کی بڑی تعداد نے مختلف اشیاء  اورموسم سرماء قریب آنے کے پیش نظر گرم ملبوسات کی جم کر خریداری کی ۔ مارکیٹ میں خواتین اور بچوں کا بھاری رش دیکھنے کو ملا۔ادھر معلوم ہوا ہے کہ کووِڈ - 19کی وبائی بیماری نمودار ہونے کے بعد اس مارکیٹ میں لوگوںکی تعداد کم دیکھی جارہی تھی تاہم آج لوگوں کا کافی رش دیکھنے کو ملا۔ گزشتہ روز بارش کے بعد آج موسم میں بہتری کے ساتھ ہی سیاحوں کے استقبالیہ مرکزسے لیکر مہاراجہ بازار امیرا کدل تک سڑک کے دونوں جانب سینکڑوں چھاپڑی فروشوں نے مال سجایا جس میں گرم ملبوسات، کمبل اور دیگر سازوسامان شامل تھا ۔ موسم میں بہتری کے ساتھ ہی بعد دوپہر ہزاروں لوگ سنڈے مارکیٹ پہنچے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ۔ سنڈے مارکیٹ میں خواتین نے کئی طرح کے چیزوں کی جم کر خریداری کی جن میں زیادہ تر گرم ملبوسات شامل ہیں ۔ سنڈے مارکیٹ میں ہزاروں کی تعداد میں تاجر اپنی چھاپڑیاں لگاکر ان پر مال سجاتے ہیں جن میں کراکری، ہوزری، جرابیں، جوتے ، سٹیشنری، کتابیں ،پینٹ ، شیٹ، بیڈ شیٹ، مختلف اقسام کی کمبلیں ، الیٹرانک سامان ، جن میں موبائل وغیرہ بھی شامل ہیں، جبکہ اچھی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ ادنی کمپنیوں کا مال بھی خریداروں کی خدمت میں رکھا جاتا ہے ۔ سنڈے مارکیٹ وادی کاایک وہ واحدمارکیٹ ہیں جہاں پر اس تعدادمیں لوگ خریداری کرتے ہیں اور خریداری کی غرض سے ہی لوگ یہاں آتے ہیں ۔ سنڈے مارکیٹ سے جڑے کئی افراد نے کہا کہ اس مارکیٹ کی وجہ سے ہی ان کے اہل و عیال کا پیٹ پلتا ہے کیوں کہ ہفتے کے چھ دن وہ سنڈے مارکیٹ کیلئے مال تیار رکھتے ہیں اور اس روز یہاں فروخت کرتے ہیں ۔ سنڈے مارکیٹ کی وجہ سے چھاپڑی فروشوں کے علاوہ ، مسافر گاڑیوں ، آٹو ڈرائیوروں ، لوڈ کیریر والوں اور دیگر لوگ بھی اچھا خاصا کاروبار کرتے ہیں ۔ واضح رہے کہ کوروناوائرس کے نمودار ہونے کے بعد اگرچہ لمبے عرصے تک سنڈے مارکیٹ بندرہا تھا ،اوراب کھول دیا گیا ہے ۔