تازہ ترین

ترلوچن سنگھ وزیر کی پر نم آنکھوں کے ساتھ آخری رسوم ادا

عمر عبداللہ ودیگر این سی قائدین کی شرکت، سی بی آئی تحقیقات کی مانگ

تاریخ    12 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں//قانون ساز کونسل کے سابق ممبر ، ممتاز سکھ رہنما اور ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ترلوچن سنگھ وزیر کا ہفتہ کو معاشرے کے مختلف طبقوںسے وابستہ لوگوں کی بھاری موجودگی میں شاستری نگر کے شمشان گھاٹ میں پرنم آنکھوںکے درمیان آخری رسوم ادا کی گئیں۔نیشنل کانفرنس نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ ، صوبائی صدر جموں دیویندر سنگھ رانا اور دیگر نیشنل کانفرنس کے رہنماوں ، مختلف سیاسی جماعتوں کے سیاستدانوں ، سول سوسائٹی کے ارکان ، ٹرانسپورٹرز ، مذہبی اور سماجی تنظیموں کے سینکڑوں افراد نے حال ہی میں دہلی کے فلیٹ میں قتل ہونے والے ممتاز لیڈر کی آخری رسومات میں شرکت کی متوفی ترلوچن سنگھ وزیر کی لاش کل رات دہلی سے جموں لائی گئی۔دریں اثنا نیشنل کانفرنس نے ترلوچن سنگھ وزیر کی موت کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔پارٹی کی جانب سے جاری کئے گئے مشترکہ بیان میں کہاگیا ہے کہ موت کے بارے میں کئی نظریات گردش کر رہے ہیں اور اس لیے حقیقت کو سامنے لانے کے لیے سی بی آئی کی طرف سے فوری طور پر انکوائری کا حکم دیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کو تیز رفتار بنیادوں پر انجام دیا جانا چاہیے تاکہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ترلوچن سنگھ وزیر پارٹی کے ایک نمایاں رہنما تھے اور صدر گوردوارہ پر بندھک بورڈ اور ٹرانسپورٹ یونین کے صدر کی طرح ان کی شراکت بہت زیادہ رہی ہے۔نیشنل کانفرنس کے لیڈر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی ملاقات کر رہے ہیں تاکہ وزیر کی موت کی سی بی آئی انکوائری کے اپنے مطالبے کو دبایا جا سکے۔ادھرجموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی اے میر نے ٹی ایس وزیر کی المناک موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی پیغام میں میرنے وزیر کی المناک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان کے افراد ، رشتہ داروں اور دوستوں سے دلی تعزیت کی ہے۔ انہوں نے ملک کے قانون کے مطابق مکمل تحقیقات اور مناسب قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔جے اینڈ کے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں نے بھی ترلوچن سنگھ وزیر کے انتقال پر تعزیت کی۔ایسوسی ایشن کے اراکین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو سکون عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت اور طاقت دے۔ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ پولیس حکام فوری طور پر کارروائی کریں اور جو لوگ اس کے ذمہ دار ہیں انہیں گرفتار کریں۔

 

تازہ ترین