تازہ ترین

سونہ مرگ اور لیہہ میں 10کوئنٹل خشخاش برآمد | پنجاب کے تین شہری گرفتار،تین ٹرک ضبط

تاریخ    12 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


غلام نبی رینہ
کنگن// سونہ مرگ میں اینٹی نارکوٹک ٹاسک فورس نے ایک چھاپے کے دوران پنجاب کے دو مال بردار ٹرکوں سے 800 کلو خشخاش برآمد کرکے دو افراد کی گرفتاری عمل میں لائی جبکہ ایک اور کارروائی کے دوران لیہہ گوردوارہ کے نزدیک ایک ٹرک سے 200کلو خشخاش برآمد کرکے ایک شخص کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ ڈی ایس پی اینٹی نارکوٹک ٹاسک فورس کی قیادت میں ایک ٹیم نے جموں کشمیر پولیس کے ہمراہ ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد سونہ مرگ کے ٹرک اڈے میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران دو ٹرکوں زیر نمبرPB07AL-2229 اورHP55B-0711کو تحصیلدار گنڈ فرید الدین کھٹانہ کی موجودگی میں تلاشی کارروائی کے دوران دونوں ٹرکوں سے 800 کلو خشخاش برآمد کرلی ۔ ڈی ایس پی ٹاسک فورس مبشر احمدنے بتایا کہ ایک ٹرک سونہ مرگ سے فرار ہوگئی تھی جس کے بارے میں لداخ پولیس کو مطلع کیا گیا اورلیہہ گوردوارہ کے نزدیک اس ٹرک کو پکڑا گیا ۔ تلاشی کے دوران اس ٹرک سے 200کلو گرام خشخاش برآمد ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ اس میں ایک شہری کو گرفتار کیا گیا جبکہ ایک ابھی تک فرار جس کی تلاش شروع کی گئی ہے۔ اینٹی نارکوٹک ٹاسک فورس کے مطابق سونہ مرگ میں جن دو ٹرکوں سے خشخاش برآمد کی گئی۔ ٹرک ڈرائیوروں کی شناخت ویرندر کمار ولد شودی رام ساکن روی داس نگر بہاڈی نون شہر پنجاب، مہندر پال ولد گومیل چاڈ ساکن روی داس نگر بہاڈی روڈ وارڈ بالاچور شہر پنجاب ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 49/2021 زیر دفعہ 8/15 این ڈی پی ایس ایکٹ درج کیا گیا ہے۔ انٹی نارکوٹک ٹاسک فورس کے ایک افسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے پوچھ تاچھ کے دوران بتایا کہ انہوں نے اس خشخاش کو جنوبی کشمیر سے گاڑی میں بھرا تھا اور یہ گاڑیاں پہلے مال لیکر لداخ کی طرف جارہی تھیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ گاڑیاں پھر منالی سے لیکر ہماچل اور پنجاب کی طرف روانہ ہوتی ہیں جہاں پر اس خشخاش کو فروخت کیا جاتا ہے۔
 

تازہ ترین