تازہ ترین

کشتوارپولیس نے قتل کا معمہ حل کیا | دوسری شادی کرنے کیلئے پہلی بیوی کاگلاگھونٹ دیا

شوہر ،بہنوئی اورماںگرفتار

تاریخ    12 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
کشتواڑ//دوسری شادی کیلئے راہ ہموار کرنے کی غرض سے پہلی بیوی کومبینہ طورپرقتل کرنے کے الزام میں کشتواڑ پولیس نے ایک شخص کوبہنوئی اورماں سمیت گرفتارکرلیا۔کے این ایس کے مطابق جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں پولیس نے ایک شخص کواپنی بیوی کومبینہ طورپرقتل کرنے کے الزام میں بہنوئی اور ماں سمیت گرفتار کرلیا۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ تینوں نے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اس خاتون کا گلا گھونٹ کر قتل کیا تاکہ مقتولہ کے شوہر کی دوسری شادی کی راہ ہموار کی جاسکے۔بیان کے مطابق کشتواڑ پولیس نے اس پہاڑی ضلع کے علاقہ مغل میدان کے ہورنا گاؤں کی رہائشی نیتو دیوی کی موت کی تحقیقات شروع کی۔جب 11 جولائی کو اس خاتون کی نعش ایک کمیٹی ہال میں لٹکی ہوئی پائی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزم اوردوسرے افرادخانہ نے مبینہ طورپرقتل کی گئی خاتون کے میکے والوںکواطلاع دئیے بغیر اسکی آخری رسومات اداکردیں ،جسکے بعد مقتولہ کے میکے والوںکی شکایت پرایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ۔پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر مقتولہ خاتون کے سسرال والوں نے بتایا کہ اس(خاتون) نے  خودکوپھانسی  دیکر خودکشی کی ہے ، لیکن دوران تفتیش انکوائری آفیسر نے اس معاملے میں کچھ غلط بات پائی اور اس کے مطابق انکوائری کی کارروائی کو ایک قتل کیس میں تبدیل کردیا گیا۔پولیس ترجمان نے کہا کہ کیس کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ، سینئر سپرنٹنڈنٹ  پولیس کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی جس نے سخت کوششوں اور مشکوک افراد کی پوچھ تاچھ کے بعد اس کیس کو حل کیا۔ترجمان نے کہا کہ یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ مقتولہ نیتود یوی کو اس کے شوہر لوکیش کمار ، بہنوئی گوواش لال اور ساس دیوکی دیوی نے ڈوپٹے سے گلا دبا کر قتل کیا۔پولیس ترجمان نے مزیدکہا کہ ملزمان نے گھناؤنے جرم کے بعد لاش کو قریبی کمیٹی ہال میں منتقل کیا اور اسے ڈوپٹہ لگا کر لٹکا دیا تاکہ یہ ظاہر کیا جا سکے کہ مقتولہ کی موت خودکشی سے ہوئی ہے۔پولیس ترجمان نے کہاکہ مقتولہ خاتون کے شوہر ،بہنوئی اورماں کوباضابطہ طورپرحراست میں لینے کے بعد ڈسٹرکٹ جیل کشتواڑ میں قیدرکھاگیاہے۔
 

تازہ ترین