تازہ ترین

راہل گاندھی کمزوروں کی آواز بلند کرنے والے واحد لیڈر: میر

تاریخ    11 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


جموں//یواین آئی// جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی واحد لیڈر ہیں جو ملک کے غریبوں اور ضیعفوں کی آواز بلند کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ملک کا حساس ترین خطہ ہے جس کا حقیقی درد صرف کانگریس پارٹی کو ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ راہل گاندھی کو مستقبل میں بھی بیچ بیچ میں جموں و کشمیر کا دورہ کرنا چاہئے ۔غلام احمد میر نے ان باتوں کا اظہار جمعے کو یہاں پارٹی کارکنوں کے ایک جلسے سے اپنے خطاب کے دوران کیا ہے ۔انہوں نے کہا،’’پچھلے سات برسوں کے دوران ملک کے غریبوں، ضعیفوں، دبے کچلوں کی آواز راہل گاندھی کے بغیر کوئی نہیں اٹھا رہا ہے آج کی طاقتور حکومت کے سامنے صرف راہل جی ہی انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں‘‘۔ میر نے کہا کہ جموں و کشمیر ملک کا حساس ترین خطہ ہے جس کو صرف کانگریس سمجھتا ہے ۔موصوف کا کہنا تھا کہ راہل گاندھی نے پانچ اگست 2019 کے بعد لوگوں کا حال معلوم کرنے کے لئے یہاں آنے کی ایک نہیں بلکہ دو بار کوشش کی لیکن انہیں اس کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا،’’لیکن کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اندر اور باہر جن جذبات کا اظہار کیا گیا ان کی وجہ سے ہی ہم مشکل حالات میں دو برسوں تک زندہ رہے ‘‘۔
 

تازہ ترین