تازہ ترین

انجمن حسینی کے زیر اہتمام مجلس عزاء منعقد

شہدائے کربلا کے فضائل بیان کئے گئے

تاریخ    10 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


حسین محتشم
پونچھ// اسلامی سال کا پہلا مہینہ محرم الحرام انتہائی عظمت و حرمت کا حامل ہے اس میں پوری دنیا کے ساتھ ساتھ سرحدی ضلع پونچھ میں بھی مجالس کا سلسلہ پہلی محرم سے شروع ہو جاتا ہے جو 8ربیع الاول تک جاری و ساری رہتا ہے۔اس سلسلہ میں معروف عالم دین مولانا سید جعفر حسین جعفری اور ماسٹر سید سجاد حسین جعفری کے گھر گائوں کلر کٹل تحصیل سرنکوٹ ضلع پونچھ میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر سے عزاداران حسین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مجلس عزا کے دوران مولانا سید اختر حسین جعفری، مولانا توقیر الحسن ،مولانا سید مھدی زید ی نے خطاب کر کے شہدائے کربلاکے فضائل و مصائب بیان کئے۔انھوں نے کربلا میں شہید ہونے والوں کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں مجالس کا انعقاد جہاں شہداء کربلا کی یاد دلاتا ہے وہیں شہادت کے فلسفے کی یاد بھی زندہ ہوتی ہے۔ مصیبت کے عالم میں گریہ و بکا ایک فطری چیز ہے جس سے کسی کو انکار نہیں اور عزادار ی سید الشہدا نواسہ رسولؐ کی یاد میں کیا کرتے ہیں۔مجلس عزا کے دوران مدعو شعراء کرام جن میں محتشم احتشام حسین، اکبر علی بانڈے،شبیہ الحسن وار شامل ہیں نے اپنے کلام امام عالی مقام کے حضور پیش کئے اور نوحہ خواںتصدق حسین بانڈے،سید افضل حسین صفوی  نے نوحہ کا نذرانہ بارگاہِ امامت میں پیش کیا۔نظامت کے فرائض سید لیاقت علی صفوی نے انجام دئے۔مجلس سے پہلے علمِ حضرتِ عباسؑ لہرایا گیااور عزا خانہ امامِ حسینؑ کی سنگِ بنیا د بھی رکھی گیا۔دعائے خیر پر مجلس اختتام پذیر ہوئی۔