تازہ ترین

سابق وزیراعلیٰ شیخ محمد عبداللہ کا39واں یوم وصال | یشنل کانفرنس قیادت کی مزار پر گلباری اورفاتحہ خوانی

تاریخ    9 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   
(عکاسی: مبشرخان)

نیوز ڈیسک
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب صدرعمرعبداللہ سمیت پارٹی کی اعلیٰ قیادت اورکارکنوں نے سابق وزیراعلیٰ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کو ان کی39ویں برسی پر شاندارخراج عقیدت پیش کیااوراُن کے مزار پرگلباری کی۔ایک بیان کے مطابق نیشنل کانفرنس کی قیادت نے مرحوم کے مزار پر گلباری اورفاتحہ خوانی کی۔ اُنہوں نے مادر مہربان بیگم اکبر جہاں کے مزار پر بھی گلباری اور فاتحہ خوانی کی۔ اجتماعی فاتحہ خوانی میں پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران چودھری محمد رمضان، مبارک گل، رکن پارلیمان حسنین مسعودی، نذیر احمد خان گریزی، میر سیف اللہ،شمی اوبرائے، شمیمہ فردوس، عرفان احمد شاہ، محمد سعید آخون، شیخ اشفاق جبار، تنویر صادق، ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، پیر آفاق احمد، قیصر جمشید لون، جاوید احمد ڈار، غلام محی الدین میر، خلیل بند، پیر محمد حسین، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، میر غلام رسول ناز، عمران نبی ڈار، منظور احمد وانی، سلمان علی ساگر، جگدیش سنگھ آزاد، ڈاکٹر سجاد شفیع،غلام مصطفیٰ صوفی، سید توقیراحمد، شبیر احمد کلے، صبیہ قادری، غلام نبی بٹ، احسان پردیسی، مدثر شہمیری، عفرا جان، کے علاوہ کئی سرکردہ لیڈران نے شرکت کی۔ کووڈ19کے پیش نظر تمام رہنما خطوط اور احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھا گیا تھا اور تقریب انتہائی مختصر رکھی گئی تھی۔ اس سے قبل صبح شیر کشمیر ریڈنگ روم نسیم باغ میں حسب قدیم قرآن خوانی کی مجلس بھی آراستہ ہوئی۔اس دوران پارٹی لیڈران نے شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے دور قیادت کو فکر مندانہ اور مستقبل کے چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کیلئے حکیمانہ قرار دیا۔ادھر جموں میں شیر کشمیر بھون میں بھی ایک تقریب پر مرحوم قائد کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور مرکزی و صوبائی لیڈران نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم شیخ صاحب فرقہ دارانہ ہم آہنگی اور تینوں خطوں کے عظیم ورثہ یعنی بھائی چارہ اور ہندو ، مسلم ، سکھ اتحاد کے علمبردار تھے ۔ مرحوم قائد نے ہمیشہ تشدد سے نفرت کی اور زندگی بھر عدم تشدد کے حامی رہے۔ جبکہ خطہ چناب اور پیرپنچال کے علاوہ کرگل اور لداخ میں خراج عقیدت کی تقاریب کا انعقاد ہوا۔
 
 
 

دفعہ370کی بحالی کیلئے ہرممکن اقدام کرینگے:اے این سی

سرینگر//عوامی نیشنل کانفرنس دفعہ 370 کی واپسی اورجموں کشمیرکے ریاستی درجہ کی بحالی کیلئے ہرممکن کوشش کرے گی۔اس بات کااظہار عوامی نیشنل کانفرنس کے نائب صدر مظفر شاہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کی39ویں برسی کے موقعہ پران کے مزار پرفاتحہ خوانی کی تقریب کے بعد کیا۔ایک بیان کے مطابق انہوں نے کہا جموں و کشمیر کے لوگ توقع کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ آئین کو برقرار رکھتے ہوئے مزید تاخیر کے بغیر جموں و کشمیر کو انصاف فراہم کرے گا۔ اس موقعہ پرمظفر شاہ نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کی آئینی ضمانتوں کی بحالی اور جموں کشمیر اور لداخ کو تقسیم کرنے والی طاقتوں کی شکست ہی شیرکشمیر کو بہترین خراج عقیدت ہوگا۔