تازہ ترین

کشمیر میں پانچ روز بعد ٹرین سروس بحال

تاریخ    7 ستمبر 2021 (52 : 12 PM)   


یو این آئی
سری نگر// وادی کشمیر میں منگل کو پانچ روز بعد ریل سروس بحال ہوگئی۔
واضح رہے کہ بزرگ حریت لیڈر سید علی گیلانی کے یکم ستمبر کی شام حیدر پورہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتقال کے پیش نظر وادی میں احتیاطی طور پر ٹرین سروس کو بند کر دیا گیا تھا۔
ریلوے ذرائع نے بتایا کہ منگل کے روز وادی میں تمام ٹریکوں پر ریل سروس بحال ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڈگام – سری نگر تا بارہمولہ ٹریک پر بھی ٹرین سروس بحال ہوئی ہے اور بڈگام تا بانیہال ٹریک پر بھی سروس بحال ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرین سروس کو بحال کرنے کا فیصلہ پولیس اور صوبائی انتظامیہ کی کلیئرنس کے بعد ہی لیا گیا ہے۔
ادھر وادی کے دو اضلاع سری نگر اور بڈگام میں منگل کو مسلسل چھٹے روز بھی موبائل انٹرنیٹ خدمات بند رہیں۔
کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کا کہنا ہے کہ ان دو اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ کی بحالی کے بارے میں منگل کی دوپہر کو جائزہ لیا جائے گا۔
 گیلانی کے انتقال کے پیش نظر وادی میں مواصلاتی خدمات بھی معطل کی گئی تھیں۔