تازہ ترین

معاشرہ میں پھیلی بے حیائی اور اخلاقی انارکی تشویشناک | مرکزی مجلس مشاورت کے اجلاس سے جمعیت صدر کا خطاب

تاریخ    23 اگست 2021 (00 : 12 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے کہاکہ جس جانب بھی نگاہ دوڑائیے ہر سمت اخلاقی انارکی، بے راہ روی ، عریانیت وبرہنگی اور بے حیائی کا رقص بسمل سنجید ہ فکر اور سلیم الفطرت شخص کی نیندیں اُڑا رہا ہے۔ اتوار کو سرینگر میں منعقدہ مرکزی مجلس مشاورت کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت اہلحدیث صدر نے کہا کہ ہمارے یہاں شادی بیاہ کا سلسلہ بھی جاری ہے اور بدقسمتی سے جہاں ایک مفلوک الحال طبقہ اپنی بیٹیوں کے ہاتھ پیلے کرنے کی سکت نہیں رکھتا تو دوسری جانب سماج سے متعلق بہت سارے لوگ ان تقاریب پر پانی کی طرح پیسہ بہا رہے ہیں ۔ضرورت ہے کہ ہم حساسیت اور سنجیدگی سے کام لے کر جہاں راہ اعتدال پر گامزن رہیں، وہاں مروت ومودت کے اوصاف سے بھی متصف ہوں۔اُنہوں نے گذشتہ مالی سال میں جمعیت کے اہتمام سے ہورہے تبلیغی ، تدریسی ، تعلیمی ، طبی وفلاحی کام کا خلاصہ کیا اور کہا کہ ملت ومعاشرہ کے فوز وفلاح کے حوالے سے ان شاء اللہ ان پروگراموں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔اُنہوں نے کہا کہ اُنہوں نے مرکزی عبداللہ بن مسعود ؓ  تحفیظ القرآن الکریم کی شاندار تعمیر پرمسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس کام میں شامل سبھی لوگوں ،ذمہ داران ِ جمعیت اور صاحبان ثروت کا بہ صمیم قلب شکریہ ادا کیا اور اس مرکز تحفیظ القرآن الکریم کے قیام کی اہمیت بھی بیان کی ۔اپنے خطاب میں جمعیت کے نائب صد ڈاکٹرعبداللطیف الکندی نے جہاں جموںوکشمیرمیں جمعیت کے اہتمام سے تعلیمی اداروں کے کام کا خلاصہ کیا وہیں حفظ قرآن حکیم کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے مرکز ابن مسعود ؓ کے وسیع تر مقاصد کو بھی بیان کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ قرآن سے ہم جڑے رہیں گے تو آئے روز رونگٹھے کھڑے کرنے والے روح فرسا واقعات رونما نہیں ہوتے ۔ انہوںنے کہاکہ ہر صبح ہوش اُڑانے والی خودکشی ، خودسوزی ، زہر خوری اور غرقابی کی خبریں معاشرہ کے ہر فردکو دعوت عمل دیتے ہیں ۔ اُنہوں نے نوجوان نسل کو قرآن سے قریب تر ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہی کتاب قنوطیت، یاس ونا اُمیدی سے نکال کر جہد مسلسل کا درس دے کر ظلمتوں میں صبح نو کی نوید جاں فزا دیتی ہے۔اُنہوں نے جمعیت سے دور سبھی دوستوں اور ساتھیوں کو جمعیت کی صفوں میں شامل ہوکر ایک ساتھ قرآن وسنت کی ترویج واشاعت کے کام میں جٹ جانے کی دردمندانہ اور پُر سوز اپیل کی۔سرکردہ عالم دین مولانا مشتاق احمد ویری نے جمعیت کی وسیع تر خدمات اور قائدین کرام کی محنت شاقہ کو تحسین کا خراج پیش  کیا۔اجلاس میں پونچھ ،راجوری، جموں، کشتواڑ، ڈوڈہ، رام بن،ریاسی اور دیگر سبھی اضلاع سے آئے معزز اراکین مشاورت نے شریک ہوکر اپنی آراء کا اظہار کیا۔