تازہ ترین

عالمی یوم ِ نوجوانان

حکومت نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرے: جنید متو

تاریخ    13 اگست 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر//اپنی پارٹی کے یوتھ صدر اور سرینگر میونسپل کارپوریشن میئر جنید عظیم متو نے جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو عالمی یومِ نوجوانان کے موقع پرمبارک باد پیش کی ہے۔ ایک بیان میں متو نے کہاکہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں نے ناسازگار حالات کے باوجود اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا’’ہمارے نوجوانوں نے نہ صرف جموں وکشمیر کا وقار بلند کیا بلکہ پچھلی تین دہائیوں کے مشکلات حالات کے دوران بھی اپنے لئے مقام پیدا کیا‘‘۔ متو نے جموں وکشمیر حکومت سے کہاکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرکے اُن کی مشکلات کا ازالہ کیاجائے تاکہ خطہ میں بڑھتی بے روزگاری پر روک لگائی جاسکے۔انہوں نے کہا’’ہر گزرتے دن کے ساتھ بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہورہاہے۔ حکومت کو ضلع اور بلاک سطح پر کونسلنگ پروگرام شروع کرنے چاہئے تاکہ تعلیم یافتہ اور ہنر یافتہ نوجوان با وقار روزی روٹی کمانے کے اہل ہوسکیں‘‘۔ متو نے کہاکہ نجی سیکٹر میں روزگار کے امکانا ت پیدا کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے حکومت کو چاہئے کہ وہ کارپوریٹ سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پید ا کرے۔ انہوں نے انتظامیہ پر مزید زور دیا کہ خاص طور پر زراعت ، باغبانی اور اس سے وابستہ شعبوں نے نوجوانوں کو نہ صرف فیلڈ سے بلکہ تحقیقاتی اداروں جیسے سکاسٹ سے شامل کیاجائے۔متو نے کہاکہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کی خواہش ہے کہ وہ مادر ِ وطن کی ہمہ جہت ترقی میں اپنی خدمات دیں ، اس لئے حکومت کو ضرورت ہے کہ وہ اُن کی توانائی کو پیداواری طریقہ سے بروئے کار لائے۔ انہوں نے والدین سے بھی گذارش کی کہ وہ اپنے بچوں کی رہنمائی کریں کہ وہ سماجی برائیوں خاص کر نشہ کی وبا سے باز رہیں۔