تازہ ترین

یوپی میں بی جی پی دوبارہ اکثریت سے حکومت بنائے گی:امت شاہ

تاریخ    2 اگست 2021 (00 : 01 AM)   


لکھنو//(یواین آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اترپردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے سادہ اکثریت کے ساتھ دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کی اسکیمات کے نفاذ میں یوپی سرفہرست ہے اور اسی وجہ سے اپوزیشن خائف ہے لہذا اپوزیشن کو آئندہ اسمبلی انتخابات میں شکست فاش کا سامنا کرنے کی تیاریاں شروع کردینی چاہئے۔امت شاہ اتوار کو ریاستی راجدھانی لکھنو کے سروجنی نگر علاقے میں یوپی اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف فورنسک سائنس(یوپی ایس آئی ایف ایس) کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقد تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر انہوں نے ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ریاستوں کے لئے مرکز کی سبھی 44بڑی اسکیمات کے نفاذ میں اترپردیش اول مقام پر ہے۔انہوں نے اپنے حریفوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں جن لوگوں کو حکومت بنانے کے سپنے آرہے ہیں انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ بی جے پی کسی ایک خاص ذات، خاندان،برادری کے لئے کام نہیں کرتی ہے بلکہ آخری پائیدان پر کھڑے غریب سے غریب تر آدمی کے لئے کام کرتی ہے۔