تازہ ترین

فوری طور اسمبلی انتخابات کرائے جائیں :بھیم سنگھ

۔ 5اگست کو ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ طلب کرنے کا فیصلہ

تاریخ    1 اگست 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں //جموں وکشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی نے جموں کشمیر اور لداخ سے تعلق رکھنے والے سینئر ورکنگ کمیٹی کے ممبران کی ایک میٹنگ 5 اگست 2021 کو جموں این پی پی ہیڈ کوارٹر پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ پارٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ ’5 اگست 2019 کا دن تھا جب مرکز نے جموں و کشمیر کی 200 سال پرانی ریاست کو مسمار کر دیا۔ لداخ ، گلگت اور بلتستان سمیت جموں و کشمیر کی یہ ریاست پہلے ڈوگرہ مہاراجہ گلاب سنگھ نے 1846 میں قائم کی تھی۔ جموں وکشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کے صدرپروفیسر بھیم سنگھ صدر نے جے کے این پی پی کے سیکریٹریٹ کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی سرکار نے 5اگست کو 200 سال پرانی ریاست کوختم کیا تھا ۔پروفیسر سنگھ نے جموں و کشمیر کی دیگر تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں بشمول نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی اور دیگر جماعتوں کے علاوہ دانشوروں ، مفکرین اور این جی اوز جو کہ جموں و کشمیر کی ریاست کی واپسی لڑنے کا ادرادہ رکھتے ہیں سے اپیل کی ہے کہ ریاست کی بحالی کیلئے 5اگست کو اپنا احتجاج درج کرائیں ۔انہوں نے جموں وکشمیر میں فوری طور پر اسمبلی انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی حکومت کے قائم ہونے سے لوگوں کے مسائل حل ہوں گے اور لوگوں کو بیروکریسی سے بچایاجائے ۔پروفیسر بھیم سنگھ نے جموں و کشمیر کے تمام یونٹس بشمول ینگ پینتھرز ، لائرز ایسوسی ایشن ، پینتھرز ویمن یونٹ ، ٹریڈ یونین ، این پی ایس یو ، سابق فوجی کمیٹی اور جے کے این پی پی کے دیگر تمام یونٹس سے مطالبہ کیا کہ وہ جمہوری طور پر جموں و کشمیر کے ہر بلاک اور ضلع میں پرامن طریقے سے احتجاج کا اہتمام کریں۔