تازہ ترین

سانبہ میں بیک وقت 3ڈرون نمودار

فورسز کی فائرنگ کے بعد واپس چلے گئے

تاریخ    31 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   
(File Photo)

نیوز ڈیسک
جموں//سانبہ سیکٹر میں پھر سے تین الگ الگ جگہوں پر ڈرون دکھائی دیئے ، جن پر سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کی اور وہ واپس چلے گئے۔سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر پرگوال علاقے  میں تلاشیاں لی گئیں جب مقامی لوگوں نے ڈورون دیکھنے کی اطلاع پولیس کو دی۔حکام نے بتایا کہ یہ ڈرون رات تقریباً 8بجکر30 سے 9بجکر30 کے درمیان پرگوال علاقے میں دیکھا گیا۔اسکے علاوہ بڑی برہمنہ چلادھا اور گگوال علاقوں میں بھی صبح کے 5بجے مشتبہ ڈرون ایک ہی وقت پر دیکھے گئے۔ ان میں سے2 ڈرون آرمی کیمپ اور آئی ٹی بی پی کیمپ کے پاس نظر آئے۔ سیکورٹی اہلکاروں کی طرف سے کی گئی فائرنگ کے بعد تینوں ڈرون وہاں سے واپس چلے گئے۔یہ ڈرون ایسے وقت دیکھے گئے ہیں، جب تقریباً ایک ہفتے پہلے پولیس نے یہاں کانا چک علاقے میں پانچ کلو گرام آئی ای ڈی لے جا رہے ایک پاکستانی  ہیکسا کاپٹرکو مار گرایا تھا۔ افسران نے کہا کہ بی ایس ایف کے جوانوں نے پاکستان کی طرف لوٹ رہے ایک ڈرون پر چلادھا میں کچھ گولیاں چلائیں۔ افسران نے کہا کہ دیگر دو ڈرون باری اور گگوال میں جموں - پٹھان کوٹ شاہراہ پر حساس سیکورٹی اداروں پر منڈلانے کے فوراً بعد غائب ہوگئے۔