تازہ ترین

آذربائیجان ۔ آرمینیا سرحدی تنازعہ،جھڑپوں میں3آرمینیائی فوجی ہلاک

تاریخ    29 جولائی 2021 (00 : 12 AM)   


یو این آئی
یریوین//آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان سرحد پر شدید جھڑپوں میں آرمینیا کے تین فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔دونوں ممالک کی وزارت دفاع نے جھڑپوں کی تصدیق کرتے ہوئے ایک دوسرے کو محاذ آرائی کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔گذشتہ چند ہفتوں سے آرمینیا اور آذربائیجان کی سرحد پر حالات کشیدہ ہیں جبکہ کئی مرتبہ فائرنگ کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔آرمینیا کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ’بدھ کے روز آذربائیجان کے سرحدی علاقے کیلبجار کے قریب شدید لڑائی کے نتیجے میں آرمینیا کے تین فوجی ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔‘آرمینیا کی وزارت خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’آذربائیجان کی فوج آرمینیا کے خودمختار علاقے پر غیر قانونی طور پر موجود ہے اور آذربائیجان جان بوجھ کر صورت حال کو مزید کشیدہ کر رہا ہے۔‘دوسری جانب آذربائیجان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ’آرمینیا کی سکیورٹی فورسز نے کیلبجار کے مقام پر آذربائیجان کے فوجیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔‘وزارت دفاع نے مزید کہا کہ ’آذربائیجان نے روس کی تجویز کردہ جنگ بندی کو تسلیم کرتے ہوئے مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے سے عمل درآمد شروع کر دیا تھا تاہم آرمینیا کی سکیورٹی فورسز نے ٹینکوں اور مارٹرز کے ذریعے شیلنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔خیال رہے گزشتہ سال نگورنو کاراباخ کے متنازع علاقے پر چھ ہفتے جاری رہنے والی جنگ کے دوران چھ ہزار 500 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ روس کی مدد سے دونوں ممالک نے جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے بعد آذربائیجان نے متنازع علاقے کا قبضہ واپس حاصل کر لیا تھا۔
 

تازہ ترین