تازہ ترین

ضلع بانڈی پورہ میں شدید بارش سے سیلابی صورتحال، رہائشی مکان اور مسجد کو جزوی نقصان

تاریخ    28 جولائی 2021 (22 : 03 PM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر// شمالی کشمیر میں ضلع بانڈی پورہ کے آلوسہ علاقے میں بدھ کے روز اُس وقت ایک رہائشی مکان اور ایک مسجد کو جزوی نقصان پہنچا جب موسلادھار بارش کے بیچ ممکنہ طور پر بادل پھٹنے کے نتیجے میں وہاں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
فلیش فلڈ سے علاقے میں پھلوں کے باغات اور دھان کے کھیتوں کو بھی خاصا نقصان پہنچا تاہم اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔
آلوسہ کے مقامی لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ علاقے میں ندی نالے پانی سے لبالب بھر گئے ہیں اور پانی کئی رہائشی مکانات اور دھان کے کھیتوں میں داخل ہوگیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق علاقے میں واقع بالائی گاوں چچنار میں فلیش فلڈ کے نتیجے میں ایک مسجد اورایک رہائشی مکان کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے جبکہ ایک پیدل پل بھی ڈھ گیا۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں گذشتہ شام دیر گئے سے وقفہ وقفہ سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی میں اگرچہ زیادہ بارش نہیں ہوئی تاہم وادی چناب سے شدید اور موسلادھار بارشوں کے بیچ بادل پھٹنے کی بھی اطلاعات ہیں جس کی وجہ سے جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔