تازہ ترین

ڈوڈہ میں تباہ کن بارش ، کئی پل ڈھ گئے، دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ

تاریخ    28 جولائی 2021 (20 : 12 PM)   


اشتیاق ملک
ڈوڈہ//ڈوڈہ ضلع میں گذشتہ شب ہوئی تباہ کن بارشوں سے بدھ کو سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔اس دوران شدید بارشوں کی وجہ سے ضلع میں فصلوں و پھلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے جبکہ بھلیسہ، بونجواہ، کاہرہ ،ٹھاٹھری کے متعدد علاقوں میں بارش کا پانی رہائشی مکانوں کے اندر احاطوں میںجمع ہوا ہے اور کئی عارضی پل بہہ گئے ہیں اورپینے کے پانی کی کئی اسکیموں کو سیلاب سے نقصان پہنچا ہے۔۔
ادھر دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے سے قصبہ ٹھاٹھری کے سینکڑوں رہائشی کنبوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور ندی نالوں کے نزدیک جانے سے اجتناب کریں۔
اطلاعات کے مطابق بونجواہ علاقہ میں بھی سیلاب سے سرنگا و ناگا میں پل بہہ گئے ہیں جبکہ 14 میگاواٹ چوہدری پاور پروجیکٹ دوندی کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے درجنوں دیہات میں بجلی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔