تازہ ترین

ضلع کشتواڑ میں بادل پھٹنے اور سیلابی صورتحال سے5افراد جاں بحق، درجنوں لاپتہ

تاریخ    28 جولائی 2021 (22 : 09 AM)   
(Representational image)

عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں بدھ کو بادل پھٹنے اور فلیش فلڈ کے نتیجے میں کم سے کم پانچ افراد جاں بحق اور درجنوں افراد لاپتہ ہوگئے ۔علاقے میں بچاو اور امدادی کارروائی جاری ہے تاہم موسم کی خرابی کے باعث اس کام میں رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں۔ 
 ضلع کشتواڑ کے ہونزڑ ، دچھن علاقے میں موسم کی شدید خرابی کے دوران اچانک بادل پھٹ گئے اور علاقے میں کافی تعداد میں پانی بہنے لگا جس کے نتیجے میں وہاں فلیش فلڈ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
بھاری تعداد میں بہنے والے پانی نے اپنے ساتھ درجنوں افراد کو بہا کر لے لیا جس کے بعد پانچ افراد کی لاشیں بر آمد کی گئیں جبکہ درجنوںکے آس پاس افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش کیلئے کارروائی شروع کی گئی ہے۔
اس موسمی آفت کے نتیجے میں متعدد رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کی پوری تفصیلات آنا باقی ہے۔ 
 ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بادل پھٹنے اور سیلابی صورتحال کے بعد کئی افراد لاپتہ ہیں تاہم ان کی صحیح تعداد فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے۔انہوں نے پانچ لاشیں بر آمد ہونے کی تصدیق کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس، فوج اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئی ہیں اور بچاﺅ اور امدادی کام شروع کیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ علاقہ میں مواصلاتی نظام کی عدم دستیابی کے باعث مکمل تفصیلات نہیں مل رہی ہیں۔