تازہ ترین

بلاک گنڈ میں عملے کی کمی | پنچایتی اراکین اور بی ڈی سی سراپا احتجاج

تاریخ    28 جولائی 2021 (00 : 12 AM)   


غلام نبی رینہ
کنگن //ضلع گاندربل کے گنڈ بلاک میں جونیئر انجینئراور ٹیکنیکل اسسٹنٹ کی اسامیاں گذشتہ چار ماہ سے خالی ہونے کی وجہ سے بلاک ڈیولپمنٹ کونسل اورپنچایتی اراکین نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ بی ڈی سی بلاک گنڈ مولوی محمد رفیق نے بدھ کو پنچوں اور سر پنچوں کے ہمراہ ایک پرس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گنڈ بلاک میں گذشتہ چار ماہ سے جونیئر انجینئر اور ٹیکنیکل اسسٹنٹ کی کرسیاں خالی پڑی ہیںجس کی وجہ سے یہاں کام کاج متاثر رہتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ بلاک میں ایک جونیئر انجینئر اور ٹیکنیکل اسسٹنٹ تعینات ہے لیکن بلاک گنڈ کی پنچایت سے 16حلقے منسلک ہیں جہاں کام کاج متاثر ہے ۔مولوی رفیق نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے اس بارے میں ڈی ڈی سی چیئرمین کو بھی آگاہ کیا ہے لیکن بلاک کنگن اور گنڈ کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اے ڈی سی گاندربل نے بی ڈی او گنڈ کو بلاک گنڈ میں جونیئر انجینئر اور ٹیکنیکل اسسٹنٹ تعینات کرنے کی ہدایت دی جوبلاک ڈیولپمنٹ افسر کا کام نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلاک میں کوئی کام نہ ہونے کی وجہ سے لوگ پنچوں ،سر پنچوں اور بی ڈی سی کو تنگ کرتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ اگر چار روز تک بلاک گنڈ میں جونیئر انجینئر اور ٹیکنیکل اسسٹنٹ کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی تووہ مستعفی ہوجائیں گے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر گاندربل سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں ذاتی مداخلت کرے۔