تازہ ترین

شہریت ترمیمی قانون | ضوابط تیار کرنے میں 6ماہ کا وقت درکار:وزارت داخلہ

تاریخ    28 جولائی 2021 (00 : 12 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی // وزارت داخلہ نے شہریت ترمیمی قانون کے ضوابط بنانے کے لئے 6 ماہ کا وقت طلب کیا ہے۔ وزارت داخلہ نے منگل کو پارلیمنٹ کو اس بات کی اطلاع دی ہے۔ وزارت داخلہ نے راجیہ سبھا اور لوک سبھا کی کمیٹیوں سے 9 جنوری تک وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سی اے اے پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان میں اقلیتوں اور تشدد کا شکار ہوئے ہندو، پارسی، سکھ، عیسائی، جین اور بودھ طبقے کو ہندوستانی شہریت حاصل کرنے کی اجازت دیتا ہے۔کانگریس رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی نے پوچھا تھا کہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے ضوابط کو نوٹیفکیشن کرنے کی آخری تاریخ طے ہوئی ہے یا نہیں۔ اس پر وزیر مملکت برائے داخلہ امور نتیا نند رائے نے کہا کہ سی اے اے کو 12 دسمبر 2019 کو نوٹیفائی کیا گیا تھا اور یہ 10 جنوری 2010 کو موثر ہوگیا تھا۔اپنے جواب میں نتیا نند رائے نے کہا، ’شہریت ترمیمی قانون، 2019 کے ضوابط کو طے کرنے کے لئے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کمیٹیوں سے مدت 09.01.2022 تک بڑھانے کی اپیل کی گئی ہے‘۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے اس قانون پر 12 دسمبر 2019 کو رضا مندی کا اظہار کیا تھا۔