تازہ ترین

راجوری ضلع میں شدید بارش سے عام زندگی مفلوج | آسمانی بجلی گرنے سے مویشی ہلاک ،رابطہ سڑکیں بند ،گھروں کو بھی نقصان پہنچا

تاریخ    27 جولائی 2021 (00 : 12 AM)   


سمت بھارگو +رمیش کیسر
راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں گزشتہ روز صبح سے ہی شروع ہوئی شدید بارش کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی جبکہ بارش و آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے کئی علاقوں میں لوگوں کا بھی نقصان ہوا ہے ۔سرکار ذرائع نے بتایا کہ نوشہرہ سب ڈویژن میں آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے محمد الیاس ولد ولی محمد سکنہ کھنار کے 5مویشی لقمہ اجل بن گئے ۔مویشیوں کو ایک درخت کے نیچے باندھ گیا تھا جس پر آسمانی بجلی گرگئی اور مذکورہ مویشی موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئے ۔متاثرہ کنبے کو مقامی انتظامیہ نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ ان کو ریلیف فراہم کی جائے گی ۔اسی طرح پلان گائوں میں بجلی گرنے کی وجہ سے ایک بکری لقمہ اجل بن گئی ۔دوسری جانب ضلع کے مختلف علا قوں میں ہورہی شدید بارش کی وجہ سے کئی ایک رہائشی گھروں اور مویشی خانوں کو نقصان پہنچنے کی بھی اطلاع موصول ہورہی ہیں ۔ضلع راجوری کے اکثر علا قوں میں پیر کے رو ز سے ہی شدید و درمیانہ درجہ کی بارشیں شروع ہو گئی ہیں جن کی وجہ سے کئی رایک رابطہ سڑکیں پھسلن اور پسیوں کی وجہ سے بند بھی ہو گئی ہیں ۔بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں ہوئے نقصان کا تخمینہ لگانے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور غریبوں کی مالی معاونت کی جائے ۔