تازہ ترین

بارہمولہ ٹریڈرز فیڈریشن کامیڈیکل کالج انتظامیہ کے خلاف اظہاربرہمی

تاریخ    27 جولائی 2021 (00 : 12 AM)   


فیاض بخاری
بارہمولہ // ٹریڈرس فیڈریشن بارہمولہ نے کئی شکایات موصول ہونے پر گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ کے خلاف سخت رد عمل کا اظہار کیا اورلیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کالج انتظامیہ کے خلاف مناسب کارروائی کریں۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ اور ڈاکٹروں کے خلاف ذاتی طور پر اور سوشل میڈیا کے ذریعہ جو شکایات سامنے آرہی ہیں وہ پریشان کن ہیں۔ بیوپارمنڈل کے جنرل سیکریٹری طارق احمد مغلو نے کہا کہ میڈیکل کالج بارہمولہ سے منسلک ضلع اسپتال میں انٹرنشپ کررہے ڈاکٹروںکے تعاون سے چلایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ان سے ناقص طبی خدمات کے بارے میں پوچھ تاچھ کی جاتی ہے تو وہ مریضوں اور تیمارداروں کے ساتھ بد سلوکی کرتے ہیں۔انہوںنے بتایا’’ اسپتال میں ایک بھی ایچ او ڈی اور سینئر ڈاکٹر دستیاب نہیں ہے اور وہ گھر سے صرف اپنی مرضی کے مطابق کام کررہے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ہم جانتے ہیں کہ ابھی تک اسپتال کے احاطے میں رہائشی کواٹر تیار نہیں ہیں لیکن وہ ضلع میں کہیں کرایہ پر جگہ لے سکتے ہیں اور لوگوں کی خدمت کے لئے دستیاب رہ سکتے ہیں‘‘۔