تازہ ترین

راہل گاندھی ٹریکٹر پر سوار ہوکرپارلیمنٹ پہنچے

تاریخ    26 جولائی 2021 (53 : 12 PM)   


یو این آئی
نئی دہلی// کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی زراعت سے متعلق تینوں قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے پیر کے روز ٹریکٹر سے پارلیمنٹ ہاو¿س پہنچے اور کہا کہ یہ تینوں قوانین کسان مخالف ہیں ، اس لئے انہیں واپس لینا ہی پڑے گا۔
 گاندھی نے کہا ” یہ تینوں قوانین کسان مخالف ہیں اور ان کو واپس لینے کے سوا اور کوئی متبادل نہیں ہے ،اس لئے انہیں فوری طور پر مسترد کیا جانا چاہئے“۔ گاندھی جس ٹریکٹر سے پارلیمنٹ ہاو¿س پہنچے اس کے آگے بینر پر لکھا تھا ” حکومت تینوں کسان مخالف زرعی قوانین کو واپس لے“۔
کانگریس لیڈر کے اس انداز سے پارلیمنٹ پہنچنے پر واضح ہوگیا کہ رواں ہفتے بھی پارلیمنٹ میں کام کاج ہونے والا نہیں ہے اور جس طرح گزشتہ پورا ہفتہ ہنگامے کی نذر ہو گیا ، اس ہفتے بھی پارلیمنٹ میں وہی نظارہ دیکھنے کو ملے گا۔
کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے گذشتہ ہفتے تقریبا سبھی دن پارلیمنٹ ہاو¿س کمپلیکس میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے پارلیمنٹ شروع ہونے سے پہلے احتجاج کیا اور زراعت سے متعلق تینوں قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کیا اور پھر ایوان میں ہنگامہ برپا ہوا ،جس کی وجہ سے پورا ہفتہ پارلیمنٹ کی کاروائی نہیں چل سکی۔