تازہ ترین

مزید خبریں

تاریخ    26 جولائی 2021 (12 : 12 AM)   


نیوز ڈیسک

راجوری میں 3افراد کی مشکوک حالت میں موت | پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی 

سمت بھارگو +میش کیسر 
راجوری //راجوری ضلع کے مختلف علاقوں میں3افراد کی ہوئی مشکوک حالت میں موت کے بعد پولیس نے کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔ضلع کے درہال،لمبیڑی اور سیوٹ میں تین افراد کی مشکوک حالت میں موت کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔پولیس کے مطابق ضلع کے درہال چوکیاں گائوں میں اتوا رکو ایک شخص کی مشکوک حالت میں موت ہوئی ہے جس کے بعد معاملہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مرنے والے شخص کی شناخت اشفاق احمد ولد محمد حفیظ سکنہ چوکیاں ٹھنڈا درہال کے طورپر ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص اپنے ہی گھر میں مشکوک حالت میں مردہ پایا گیا جبکہ معاملہ کی اطلاع موصول ہونے کیساتھ ہی لاش کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر قانونی لورزامات مکمل کروائے جبکہ اس سلسلہ میں ایک کیس بھی درج کرلیا گیا ہے ۔اسی طرح نوشہرہ سب ڈویژن کے لمبیڑی علاقہ میں ایک شخص کی مشکوک حالت میں موت ہونے کے بعد پولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس درج کرلیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مرنے والے شخص کی شناخت اشوک کمار ولد پریم چند کے طورپر ہوئی ہے جبکہ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر اس کا پوسٹ مارٹم بھی کروا دیا ہے ۔اسی طرح جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے راجوری ضلع کے سیوٹ علاقہ میں ہوئی ایک مشکوک موت کے بعد معاملہ کی تحقیقات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔مرنے والے کی شناخت 55سالہ مہندر لعل ولد کریشن لعل سکنہ لوہر سیوٹ کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ درمسالہ پولیس سٹیشن کے زیر تحت آنے والے مذکورہ شخص کی مشکوک حالت میں موت واقعہ ہوئی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ اتوار کی بعد دوپہر اہل خانہ نے مذکورہ شخص کو صحت کی خرابی کے نعد سندر بنی ہسپتال منتقل کیا تھا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ مشکوک حالت میں موت ہونے کے بعد لاش کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا جبکہ اب اس کیس کی مزید تحقیقاتی عمل شروع کردیا گیا ہے ۔
 
 
 

کوٹرنکہ میں اضافی کرایہ وصول کرنے سے مسافر پریشان | ٹریفک و مقامی انتظامیہ پر لاپرواہی کا الزام ،کارروائی کی مانگ 

 نیوز ڈیسک
جموں //کوٹرنکہ سب ڈویژن کی اکثر رابطہ سڑکوں پر ٹریفک حکام کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے مسافروں سے اضافی کرایہ وصول کرنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مسافروں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے ڈرائیوروں و ٹرانسپورٹروں نے من پسند ریٹ لسٹیں بنائی ہوئی ہیں اور ان لسٹوں کے تحت ہی لوگوں سے کرایہ وصول کیا جارہا ہے تاہم اس سلسلہ میں حکام سے شکایت کرنے کے باوجود بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مسافروں نے بتایا کہ کوٹرنکہ سے راجوری 40کلو میٹر سفر کیلئے 150روپے کرایہ وصول کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے غریبوں کا سفر کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اضافی کرایہ وصول کرنے کیساتھ ساتھ دریافت کرنے پر ڈرائیوروں و گاڑیوں کے مالکان کی جانب سے لوگوں کیساتھ بدسلوکی کی جاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مسافر گاڑیوں میں اضافی کرایہ کیساتھ ساتھ اضافی سواریاں بھی لوڈ کی جاتی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سب ڈویژن کی لگ بھگ سبھی رابطہ سڑکوں پر ڈرائیوروں کی جانب سے اضافی کرایہ وصول کیا جارہا ہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مسافر گاڑیوں کے کرائے کے سلسلہ میں قاعدہ کو عیاں کیا جائے تاکہ غریب مسافروں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
 

پونچھ انتظامیہ نے سرکاری رہائشی کوارٹروں کی صورتحال کا جائزہ لیا 

حسین محتشم
پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت نے افسران کے ساتھ اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں ایک اہم میٹنگ منعقد کی جہاں انہوں نے ضلع کے تمام سرکاری رہائشی کوارٹرز کی صورتحال کا جائزہ لیا۔اجلاس میں سرکاری رہائشی کواٹروں کی حیثیت سے متعلق موضوع پر تبادلہ کرنے کے بعد انہوں نے ایگزیکٹو انجینئر پی ڈبلیو ڈی، تمام تحصیلداروں اور پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ کوارٹرز کو غیر قانونی قبضہ سے خالی کریں اور فوری طور پر اس عمل کو مکمل کریں۔ انھوں نے کہا کہ غیر قانونی قابضین کی جسمانی توثیق کرنے، ایسے افراد کے خلاف ضابطہ کے تحت کاروائی کرنے کو کہا۔ انھوں نے افسروں کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری رہائشی کوارٹرز خالی کریں جہاں مقیم غیر قانونی رہائش پذیر ہیں اور فوری طور پر یہ عمل مکمل کرکے رپورٹ پیش کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے اے ڈی سی کو ہدایت کی کہ تمام ڈی ڈی او سے ایچ آر اے کی تفصیلات دو دن میں حاصل کرنے کی بھی تلقین کی ۔ایس ڈی ایم مینڈھر اور تحصیلدار سرنکوٹ کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ تمام سرکاری رہائشی سہ ماہی کی جسمانی تصدیق کی رپورٹ کو اپنے متعلقہ ڈومین میں دو دن میں پیش کر نے کی ہدایت جاری کیں ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ ڈاکٹر بشارت حسین ، ایس ڈی ایم مینڈھرڈاکٹر ساحل جنڈیال ، تحصیلدار حویلی انجم بشیر خٹک ، تحصیل سرنکوٹ ، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جی اے ملک ، اکس ای این پی ڈبلیو ڈی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
 
 

تائیکوانڈو ایسوسی ایشن نے ٹریکنگ کا افتتاح کیا 

حسین محتشم
پونچھ// تائیکوانڈو ایسوسی ایشن پونچھ نے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس پونچھ کے تعاون سے پونچھ قصبہ سے شیو کھوڑی ماؤنٹین پہاڑیوں تک ٹریکنگ کا اہتمام کیا جس میں تائیکوانڈو کھیلنے والے 70 کے قریب نو عمر کھلاڑیوں شامل ہوئے۔کورونا وائرس وبائی مرض کے دوران پوری دنیا میں تربیت اور مسابقت کے مواقع غیر مساوی ہو جانے کی وجہ سے کھیلوں کے تمام ایونٹس معطل کردی گئی تھی۔اب جب دوبارہ کھیلوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے تو نوجوان اس کا پورا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے صدر راجندر سنگھ نے بتایا کہ نوجوانوں کو صحت مند بنانے رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ان کو ٹریکنگ کروائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ان کی ایسوسی ایشن نے محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس کے تعاون سے یہ ٹریکنگ پروگرام منعقد کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ٹریکنگ پروگرام میں نوجوان بچوں نے گرم جوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹریکنگ کی اور دوسروں کو بھی پیغام دیا کہ وہ صحت مند رہنے کے لئے خوب چلا کریں۔
 

این سی یوتھ کے صوبائی صدرنے کئی دیہات کا دور ہ کیا 

حسین محتشم
پونچھ//سابق ایم ایل اے اور نیشنل کانفرنس یوتھ کے صوبائی صدر اعجاز احمد جان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ غواڑی کا دورہ کیا ۔اس دوران سرپنچوں اور مقامی نمائندوں کی سربراہی میں ان سے گائوں کئی وفود نے ملاقات کرکے انہیں اپنے مسائل سے روشناس کیا۔ وفود میں شامل لوگوں نے ان کے سامنے پینے کے پانی کی قلت ، غیر شیڈول بجلی کی کٹوتی ، افسوسناک سڑک کے حالات سمیت دیگر کئی مسائل رکھے ۔لوگوں نے اوپری اڑائی ملکا ، اڑائی اپر پیراں پنچایت میں نئے راشن ڈپو کھولے جانے کا مطالبہ بھی کیا۔ اعجاز نے مقامی لوگوں کے تمام مسائل اور پریشانیوں کو بغور سننے کے بعد انہیں یقین دلایا کہ وہ اعلی حکام سے ملاقات کر کیان تمام مسائل کو حل کروانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ اس دورہ کے دوران سابق ایم ایل کے ہمراہ پیر عنایت بخاری ، عبدالاحد بھٹ ، اسلم ملک ، موہدی،روشن ، بشیر احمد ، آصف ملک ، چودھری الطاف حسین ، ریاض ملک ، شیراز ملک  اور دیگر پارٹی کارکنان اور تمام سرپنچ اور پنج موجود رہے۔
 
 

بجلی کی تاروں کی زد میں آکر 3گھوڑے ہلاک

حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں وقفہ وقفہ سے ہورہی بارشوں کے دوران مختلف مقامات پر بجلی کے ڈھانچوں کو نقصان ہو رہا ہے۔تند ہوائوں اور بارشوں کی وجہ سے مختلف دیہی علاقوں میں بجلی کے کھمبے اور ترسیلی لائنیں ٹوٹ گئی ہیں۔گاؤں ہاڑی بڈھا محلہ ڈوبا جندراں میں بھی بجلی کی تاریں ٹوٹ گئی ہیں جن کی زد میں آکر تین گھوڑے ہلاک ہو گئے۔مقامی شہریوں کے مطابق اتوار کو صبح پیش آئے واقعہ کے دوران مذکورہ گھوڑے راستے سے گزر رہے تھے جبکہ ترسیلی لائن ٹوٹنے اور کرنٹ لگنے کی وجہ سے مذکورہ مویشی لقمہ اجل بن گئے ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ گھوڑوں کے مالک محمد رفیق کھو کھر اور عبدالمجید ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ یہ دونوں افراد نہایت ہی غریب ہیں اور مزدور پیشہ ہیں گھوڑوں پر ریت بجری اور دیگر سامان ڈھو کر اپنی روزی روٹی کماتے ہیں لیکن اب ان کے گھوڑے ہی ہلاک ہو گئے ہیں حس سے ان مزدوروں کا بڑا نقصان ہوا۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ جن افراد کے گھوڑے مارے گئے ہیں ان کو فوری امداد دی جائے تاکہ وہ اپنی روزی روٹی کمانے کا کام جاری رکھ سکیں۔
 
 

وزیر عظم کا خطاب سننے کیلئے بھاجپا اکائی پونچھ جمع ہوئی 

حسین محتشم
پونچھ//پورے ملک کی طرح سرحدی ضلع پونچھ میں بھی من کی بات پروگرام کے ذریعہ وزیر اعظم ہند نریندر مودی کا خطاب سننے کیلئے بھاجپا کی ضلع اکائی پونچھ یکجا ہوئی ۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر انجینئر محمد رفیق چشتی کی قیادت میں گائوں ڈینگلہ میں موصوف کی رہائش گاہ پر ایک تقریب منعقد کی گئی جہاں پر براہ راست وزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب سینکڑوں پارٹی کارکنان اور لیڈران نے سنا۔ بعد از اں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوے ضلع صدر چشتی نے کہا کہ اس پروگرام کو پورے ملک ہندوستان کی عوام بڑی دلچسپی سے دیکھتی ہے کیونکہ اس پروگرام میں وزیراعظم براہ راست عوام کے مسائل سنتے ہیں اور پھر انکا حل نکالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی نے خصوصی طور پر یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے بات کی اور کہا کہ اس بار ہندوستان یوم آزادی پرہندوستان جوڑو کا نعرہ لگائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہند کی دوراندیشی ہے کہ انہوں نے من کی بات جیسا پروگرام شروع کیا اور پورے ملک کی عوام کو اپنے ساتھ جوڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اس پروگرام کے دوران وزیر اعظم کو اپنے مشکلات سے روشناس کر کے ان کا حل نکلواتے ہیں۔انہوں نے مزیف کہا وزیر اعظم ہند جو کام کر رہے ہیں اس سے پہلے کسی بھی وزیر اعظم نے نہیں کیا۔
 
 

ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت میں اضافہ | سیکورٹی فورسز نے وی ڈی سی اراکین کا پروگرام منعقد کیا 

سمت بھارگو 
راجوری //راجوری ضلع میں حالیہ دنوں میں ملی ٹینسی کے واقعات میں ہوئے اضافے کے بعد فوج کی جانب سے وی ڈی سی اراکین کیساتھ ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔حالیہ دنوں میں ملی ٹینسی سے منسلک راجوری ضلع میں کئی واقعات رونما ہوئے ہیں جس کے بعد فوج نے ولیج ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا ہے ۔غور طلب ہے کہ راجوری اور پونچھ اضلع میں وی ڈی سی کمیٹیوں کی تشکیل لگ بھگ دو دہائیاں قبل عمل میں لائی گئی تھی اور ان کمیٹیوں میں دیہات میں سے نوجوانوں کو شامل کرلیا گیا تھا تاہم ان کمیٹیوں نے ملی ٹینسی مخالف سرگرمیوں میں معیاری کام کیا تھا ۔راجوری ضلع میں حالیہ دنوں میں پیش آئے واقعات او ر کئی ایک دیہات میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج نے دوبارہ سے مذکورہ کمیٹیوں کو الرٹ کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ سماج دشمن سر گرمیوں میں ملوث افراد کیخلاف شکنجہ کسا جاسکے ۔نوشہرہ سیکٹر میں مذکورہ کمیٹیوں کے اراکین کو ہتھیار چلانے کے سلسلہ میں تربیت بھی فراہم کی گئی جبکہ اس سلسلہ میں کلال گائوں میں ایک پروگرام کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے سرپنچ کلال نے مذکورہ اجلاس کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔
 

میڈیکل کالج کواضافی آکسیجن کنسنٹریٹر فراہم 

راجوری //راجوری گور نمنٹ میڈیکل کالج کے بنیادی ڈھانچے کومزید مضبوط کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون نے 750ایل پی ایم گنجائشوالے آکسیجن کنسنٹریٹر پلانٹ لگائے۔اس موقعہ پر گو ر نمنٹ میڈیکل کالج کے پرنسپل ،میڈیکل سپرناٹینڈنٹ ،اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر ودیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ڈی سی راجوری نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کوڈ اور دیگر مریضوں کو بہترین دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے و ضلع میں میڈیکل آکسیجن سپلائی کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہاکہ 1000 لیٹر فی منٹ کی گنجائش والا ایک آکسیجن پلانٹ میڈیکل کالج میں پہلے سے ہی کام کررہا ہے جبکہ مزید مشینری کو دستیاب کروانے میں ترجیح بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے ۔انہوں نے پلانٹ پر کام مکمل کرنے کے لئے عمل درآمد کرنے والی ایجنسی کی کوششوں کو سراہا۔اس دوران آفیسر موصوف نے سی ٹی سکین کے سلسلہ میں ہورہی تعمیر ات کی پیش رفت ودیگر تعمیرات کا بھی جائزہ لیا ۔
 
 

بھمبر گلی میں کووڈ ٹیسٹنگ کا عمل جاری 

جاوید اقبال 
مینڈھر //محکمہ صحت کی جانب سے بھمبر گلی علاقہ میں مسافروں کیلئے شروع کر دہ ٹیسٹنگ مہم مسلسل جاری ہے ۔ضلع انتظامیہ پونچھ کی ہدایت پر محکمہ صحت نے جموں وکشمیر پولیس کے اشتراک سے سرحدی ضلع پونچھ اور راجوری کے سرحد پر بھمبر گلی میں گزشتہ کئی ماہ سے ایک چوکی قائم کی ہوئی ہے جس کے دوران پونچھ ضلع میں داخل ہونے والے مسافروں کی جانچ کی جاتی ہے ۔پولیس کی معاونت سے مذکورہ چیک پوسٹ پر مسافر ودیگر گاڑیوں کو روک کر مسافروں کا کووڈ ٹیسٹ کیا جاتا ہے جبکہ مثبت آنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر کیساتھ منتقل کیا جا تا ہے تاکہ ضلع میں وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکے ۔غور طلب ہے کہ اس سے قبل پونچھ ضلع کے داخلی و خارجی پوئنٹس پر مذکورہ نوعیت کی چیک پوسٹ قائم کی گئی تھی جس کے دوران ضلع میں داخل ہونے والوں پر نظر رکھی جاتی تھی ۔
 

تازہ ترین