تازہ ترین

ڈائریکٹر سوشل فارسٹری کا جنگلات کمیٹیوں کیساتھ تبادلہ خیال

تاریخ    26 جولائی 2021 (12 : 12 AM)   


عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // ڈائریکٹر محکمہ سوشل فارسٹری جموں و کشمیر نے ضلع راجوری کی سوشل فارسٹری کمیٹیوں کے چیئرمین کے ساتھ آن لائن تبادلہ خیال کیا۔محکمہ کے ڈائر یکٹر روشن جگی کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں ڈی ڈی سی ممبر کالاکوٹ انیتا ٹھاکر ، ڈی ڈی سی راجوری سائیں عبدالرشید اور ڈی ڈی سی ممبر سندربنی راجندر شرما کے علاوہ دیگر کئی پنچایتی نمائندوں کیساتھ بات چیت کی گئی ۔اس موقع پر محکمہ سوشل فارسٹری کے ڈائریکٹر نے متعلقہ محکمہ کی سرگرمیوں پر نظر ڈالنے کے ساتھ ساتھ پنچایتی نمائندگان پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں شجرکاری کو بڑھاوا دیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ محکمہ نے فارم فارسٹری پروگرام کے تحت دلچسپی رکھنے والے کسانوں اور عام لوگوں کو سبسڈی کے نرخوں پر مختلف اقسام کے پودے فراہم کرنے کے لئے بھی ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت پودے لگانے والے افراد کو نرسریوں سے پودے فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے پودے لگانے کے ذریعہ ، مجموعی طور پر ماحول کو بہتر بنانے پر بھی زیادہ زور دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا زیاد ہ سے زیادہ پود ے لگانے کیلئے پنچایتوں کو بھی شامل کیا جائے گا ۔ اجلاس میں فیصلہ لیا گیا کہ پنچایتوں کے دائرہ اختیار میں وی پی پی سی کے ذریعہ کام انجام دیا جائے گا۔متعلقہ افسران نے ضرورت مند افراد سے وعدہ کیا کہ محکمہ ان کی ضروریات کے مطابق اس سلسلہ میں ان کی ہر ممکن معاونت کرے گا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ مشترکہ اراضی ، ملکیتی اراضی ، ادارہ جاتی اراضی جیسے سکولوں ، کالجوں میں باغات لگانے میں مقامی لوگوں کی شمولیت کے بارے میں پنچایتوں کے لئے محکمہ سوشل فارسٹری کی طرف سے ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ 
 

تازہ ترین