تازہ ترین

ٹانڈا ۔کلساں 4کلو میٹر سڑک برسوں سے زیر تعمیر | لوگوں نے’ اپنی مدد آ پ‘ کے تحت مرمتی کام شروع کر دیا

تاریخ    26 جولائی 2021 (12 : 12 AM)   


حسین محتشم
مینڈھر //سرحدی ضلع پونچھ کے ٹانڈا تا کلساں 4کلو میٹر سڑک گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہی نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے علاقہ میں آباد ہزاروں کی آبادی آمد ورفت کے دوران متاثر ہورہی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے حکام کی جانب سے بارہ برس قبل سڑک کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا تھا لیکن زمینی کٹائی اور بجری بچھانے کے بعد متعلقہ محکمہ نے سڑک کو یوں ہی چھوڑ دیا جس کی وجہ سے اب سڑک میں کھڈے پڑ گئے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے سڑک کی نالیوں کیساتھ ساتھ دیگر تعمیرات کو بھی نظر انداز کردیا گیا ہے جس کے بعد مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے رویہ سے تنگ آکر اپنی مدد آپ کرتے ہوئے خود سڑک کی تعمیر کا کام شروع کر دیا ہے۔ اس تعمیراتی عمل میں سبھی افراد شامل ہو رہے ہیں جبکہ لوگ مذکورہ کام کیلئے پیسے خود جمع کر کے ہی کام کروانے کی کوشش میں جٹ گئے ہیں ۔محمد فاروق نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر اور مرمت کے سلسلہ میں انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ حکام اور مقامی انتظامیہ سے رجوع کیا تاہم ہمیشہ یقین دہانیوں کے بعد عملی اقدامات نہ اٹھانے کی وجہ سے تنگ آکر انہوں نے خود ہی مرمتی کام کرنے کا پلان مرتب کیا ہے۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے مذکورہ سڑک کو جلدازجلد مکمل کروایا جائے تاکہ ان کی پریشانی کم ہو سکے۔