تازہ ترین

بریانی ۔پی ایچ سی بھرتی 3کلو میٹر سڑک | تار کول بچھانے کیساتھ ہی اکھڑنا شروع

تاریخ    26 جولائی 2021 (12 : 12 AM)   


جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی علاقوں کو آپسی میں جوڑنے والی بریانی گلی تا پرائمری ہیلتھ سنٹر بھروتی 3کلو میٹر سڑک پر ان دنوں میں تار کول بچھائے جانے کا کام جاری ہے تاہم کام مکمل ہونے سے قبل ہی تار کول اکھڑنا شروع ہوگیا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر ہمیشہ سے ہی غیر معیاری کی جاتی ہے جس کی وجہ سے حد متارکہ کے مکینوں کو دوران آمد ورفت مشکلات کا سامناکرناپڑتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ سڑک پر تارل کول اسلئے غیر معیاری بچھانے میں مصروف ہے کیونکہ ان علاقہ میں تعمیراتی کاموں کا معائینہ ہی نہیں کیا جاتا جبکہ سرکاری خزانوں سے ہمیشہ ہی فنڈز کو تعمیرات کے نام پر ہڑپ لیاجاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی برسوں سے سڑک پر تار کول بچھانے کا مطالبہ کیا جارہا تھا لیکن اب متعلقہ تعمیراتی ایجنسی کی جانب سے مکمل طورپر غیر معیاری کام کروایا جارہاہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بریانی تا پی ایچ سی بھرتی تین کلو میٹر سڑک پر بچھائے جارہے تار کول کا معائینہ کروایا جائے او ر غیر معیاری کام میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ غریبوں کو انصاف مل سکے ۔