تازہ ترین

بدھل کی متعدد سڑکیں بدحالی کا شکار | مقامی آبادی متعلقہ تعمیراتی ایجنسیوں سے نالاں

تاریخ    26 جولائی 2021 (12 : 12 AM)   


محمد بشارت
کوٹرنککہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے بدھل ودیگر علاقوں میں اکثر سڑکیں بدحالی کا شکار ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے متعلقہ تعمیر اتی ایجنسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حکومت کی جانب سے کروڑوں روپے سڑکوں کی تعمیر وترقی کے سلسلہ میں خرچ کئے جاتے ہیں تاہم زمینی سطح پر تعمیر اتی پروجیکٹوں کی حالت انتہائی خستہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکموں کی جانب سے سڑکوں کی تعمیر کے نام پر زمینوں کی کٹائی کرنے کے بعد اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا ہے ۔سرپنچ پنچایت حلقہ سوکڑ محمد شبیر گورسی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی اور محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے سڑکوں کی تعمیر کے سلسلہ میں بدھل میں کئی پروجیکٹ شروع کئے گئے تھے تاہم برسوں بعد بھی مذکورہ پروجیکٹوں کو مکمل ہی نہیں کیا گیا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ اکثر سڑکوں کی نالیاں اور حفاظی باندھ ہی تعمیر نہیں کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ محکموں کی لاپرواہی کی وجہ سے لوگوں کی زمینیں تباہ ہو چکی ہیں جبکہ اس سلسلہ میں متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔بلاک صدر کانگریس پیڑی چوہدری محمد کبیر چوہان نے بتایا کہ مندر گالہ سے ساکری گھروٹ اور پیڑی سڑک انتہائی خستہ ہو چکی ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکوں کی مرمت اور پروجیکٹوں کو مکمل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ مسافروں کو فائدہ پہنچ سکے ۔
 

تازہ ترین