تازہ ترین

جموں کشمیر کے سبھی 20اضلا ع میں ہفتہ وار بندشیں ہٹانے کا فیصلہ

شبانہ کرفیو کا نفاذ جاری رکھا رہیگا،اندرونی اجتماعات میں صرف 25افراد کی اجازت

تاریخ    26 جولائی 2021 (12 : 12 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر//انتظامیہ نے جموں کشمیر میں 13ہفتوں کے بعد سبھی 20اضلاع میں ہفتہ وار لاک ڈاون ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔تاہم تمام اضلاع میںشبانہ کرفیو جاری رہے گا۔چیف سیکریٹری ارون مہتا، جو کہ سٹیٹ ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین بھی ہے،کی صدارت میں منعقدہ ہونے والی میٹنگ کے دوران جموں کشمیر میں کورونا وائرس پھیلائو سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری صحت و طبی تعلیم اتل ڈلو کے علاوہ پرنسپل سیکریٹری داخلہ، صوبائی کمشنروں،ضلع ترقیاتی کمشنروں،پولیس سپرانٹنڈوں اور دیگر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں ہفتہ وار مجموعی کیسوں،مجموعی مثبت کیسوں، بستروں پر موجود بیماروں،اموات کی شرح،ٹیکہ کاری اور کویڈ مناسب برتائو کی عملداری کا احاطہ کیا گیا۔ میٹنگ میں اس بات کا مشاہدہ کیا گیا کہ گزشتہ ہفتہ کے برعکس تمام اضلاع میں کویڈ صورتحال میں بہتری آئی ہے،تاہم کویڈ کو روکنے اور اس سے نپٹنے کیلئے کچھ مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے جاری سرکاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ کسی بھی ضلع میں اب ہفتے کے آخری ایام میں لاک ڈائون نہیں ہوگا تاہم شام8بجے سے صبح7 بجے تک شبانہ کرفیو کا نفاذ عمل میں رہے گا۔ سرکاری و نجی اسکولوں میں کم از کم عملے کی موجودگی کو ٹیکہ کاری سے مشروط رکھا گیا ہے،جبکہ اندرونی اجتماع کیلئے زیادہ سے زیادہ25افراد کو موجودگی کو یقینی بنانے کے احکامات کو جاری رکھا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کویڈ مناسب برتائو کی عملداری کو سختی کے ساتھ یقینی بنائے اور خلاف ورزی کے مرتکبین کو آفات سماویٰ قانون اور تعزیرات ہند کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ضلع مجسٹریٹوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پولیس اور ایگزیکٹو مجسٹریٹوں کی ٹیموں کو کویڈ مناسب برتائو کی عملداری کیلئے تشکیل دیں،اور یہ ٹیمیں روزانہ کی بنیادوں پر اپنی کارکردگی کی رپورٹیں اور احاطوں پر مبنی تجزیہ پیش کریں۔