تازہ ترین

رام ناتھ کووند کا 4روزہ دورہ شروع، آج لداخ جائیں گے | صدر جمہوریہ سرینگر وارد

انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر لیفٹیننٹ گورنر کا استقبال، گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا

تاریخ    26 جولائی 2021 (12 : 12 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر // صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اتوار25 جولائی کواپنے 4رورزہ دورہ جموں وکشمیر کے سلسلے میں سری نگر پہنچ گئے۔صدر جمہوریہ صبح 11بجکر 15 منٹ پر سرینگر کے بین الاقوامی ائر پورٹ پر پہنچ گئے جہاں جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور دیگر سینئر پولیس و سیول  انتظامیہ کے افسران نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ روایتی طور پر کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ صدر جمہوریہ اسکے فوراً بعد15ویں کور ہیڈکوارٹر بادامی باغ چلے گئے۔صد رِ ہند کے4روزہ دورہ جموں وکشمیر نیز لداخ کاشیڈول سنیچر کے روز جاری کیاگیا،جسکی رئو سے موصوف 25سے28جولائی تک دونوں مرکزی زیرانتظام علاقوں میں قیام کریں گے۔صدرجمہوریہ آج 26 جولائی کو کرگل وجے دیوس کی 22ویں سالگرہ کے موقع پر دراس میں 1999 کی کر گل جنگ کے دوران مہلوک فوجیوں کی یاد میں تعمیر کرائے گئے ’ وار میموریل‘پر انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔2019میں خراب موسم کی وجہ سے صدر جمہوریہ کرگل وجے دیوس کے موقعہ پر نہیں آسکے تھے،لیکن انہوں نے 15ویں کور ہیڈکوارٹر بادامی باغ میں وار میموریل پر پھول مالائیں چڑھا کر خراج عقیدت ادا کیا تھا۔27جولائی کو صدر جمہوریہ سرینگر میں واقع کشمیر یونیورسٹی کے 19ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کریں گے، جسکا انعقاد ڈل جھیل کے کنارے واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کانووکیشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں کیا جائیگا۔ادھر صدرہندکی آمد کے پیش نظر سیکورٹی کو ملحوظ نظر رکھ کر راج بھون  جانے والے دونوں راستوں کو دو دن کیلئے سیل کردیا گیا ہے، جہاں صدر جمہوریہ قیام کریں گے۔ ٹریفک پولیس نے کہاکہ25سے27جولائی تک بلیو وارڈ روڑ اورگپکارروڑ عام ٹریفک کیلئے بندکردیا گیاہے۔ ٹریفک پولیس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ رام منشی باغ کراسنگ، بڈیاری کراسنگ ڈلگیٹ اور نشاط فورشور کراسنگ پر ٹریفک کو موڈ دیا جائے گا۔ وہیں  گپکار سڑک پر کسی بھی گاڑی کو بغیر تلاشی آگے نہیں جانے دیا جا ئیگا۔ شہر میںسکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔