تازہ ترین

کولگام شبانہ معرکہ میں جنگجو جاں بحق | سملر بانڈی پورہ آپریشن 3جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم

مہلوکین میں2018میں واگہ سے سرحد پار چلا گیا نوجوان شامل:پولیس

تاریخ    26 جولائی 2021 (12 : 12 AM)   


خالد جاوید +عازم جان
کولگام +بانڈی پورہ //جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں شبانہ تصادم آرائی میں ایک جنگجو جاں بحق ہوا جبکہ شمالی کشمیر بانڈی پورہ ضلع کے شوخ بابا سملر جنگل میں معرکہ آرائی 3جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم ہوئی تاہم چھٹے بانڈی اور ارن بانڈی کے دیہات کے کڑے محاصرے میں لیا گیا ہے۔اس میں بانڈی پورہ ٹائون کا وہ جنگجو بھی شامل ہے جو 2018میں واگہ سرحد سے پاکستان چلا گیا تھا۔

کولگام

پولیس نے کہا ہے کہ مونند اور سرسونہ یاری پوری کولگام کے درمیان 34آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس نے جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع پر ناکہ لگایا تھا جس کے دوران وہاں سے جنگجوئوں کا گذر ہوا ۔ اس موقعہ پر جنگجوئوں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن جنگجوئوں نے فائرنگ کی اور طرفین کے درمیان گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا جس میں ایک مقامی جنگجو جاں بحق ہوا ۔بوٹینگو اننت ناگ کے عبدالقیوم ڈار نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ 4روز سے ان کا بیٹا عمران احمد اچانک لاپتہ ہوا اور اتوار کی صبح پولیس نے انہیں مطلع کیا کہ وہ یاری پورہ جھڑپ میں جاں بحق ہواگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے انہیں ہندوارہ اپنے ساتھ لیا جہاں انکے بیٹے کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ میں ممکنہ طور پر کچھ جنگجو فرار بھی ہوئے۔پولیس کے بیان کے مطابق ہلاک شدہ جنگجوئوںکی تحویل سے اسلحہ و گولی بارود برآمد کیا گیا۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر 46/2021 یاری پورہ پولیس اسٹیشن میں درج کیا ہے۔

بانڈی پورہ

 شوخ بابا اور کوٹا ستھری سملر بانڈی پورہ کے گھنے جنگل میںجمعہ اور سنیچر کی در میانی شب14اور 13آر آر کے علاوہ 3بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کی جانب سے نالہ ہرل کے اوپر ہر مکھ پہاڑی سلسلے میں طرفین کے درمیان سنیچر کی صبح 8بجے سے دن کے 12بجے تک ہوئی معرکہ آرائی میں 3جنگجو جاں بحق ہوئے۔ اگرچہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب بھی یہاں آپریشن کی کارروائی جاری رہی لیکن اور کوئی فائرنگ کا واقعہ پیش نہیں آیا۔اس معرکہ آرائی میں فوج کا ایک اہلکار شدید طور پر زخمی بھی ہوا ۔اتوار کی سہ پہر یہاں آپریشن ختم کیا گیا لیکن پہاڑی کے دامن میں واقع دو دیہات چٹے بانڈے اور آرہ گام کو محاصرے میں لیکر تمام راستوں کو سیل کردیا  ۔پولیس نے کہا ہے کہ مہلوک تین جنگجوئوں میں سے دو غیر ملکی جبکہ ایک مقامی جنگجو ہے۔مقامی جنگجو شاکر الطاف بٹ ولد محمد الطاف بٹ ساکن وارڈ نمبر2 پلان بانڈی پورہ کے بارے میں پولیس نے بتایا کہ وہ اپریل  2018میں واگہ سرحد سے پاکستان چلا گیا تھا اور تب سے اسکے بارے میں کوئی علمیت نہیں تھی۔ادھر اتوار کی صبح جونہی بانڈی پورہ میں مذکورہ جنگجو کی ہلاکت کی خبر پھیل گئی تو فوری طور پر بانڈی پورہ بازار میں ہر طرح کی کاروباری و تجارتی سرگرمیاں بند ہوئیں۔ہڑتال کے دوران گاڑیوں کی آواجاہی بھی جزوی طور پر متاثر رہی ۔یاد رہے کہ شوخ باباجنگل میں سال2018میں بھی ایک خونین معرکے کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ 5جنگجومارے گئے تھے ،اوریہ چار سال بعداس علاقہ میں دوسرا بڑا جنگجو مخالف آپریشن ہے ۔
 
 
 

کھڈونی شمسی پورہ کولگام کراسنگ |  جنگجو پولیس اہلکار کی رائفل اڑا کر لے گئے

خالد جاوید
کولگام // کولگام میں اتوار کے روز مشتبہ جنگجوئوں نے ایک پولیس کے اہلکار سے اسکی سروس رائفل چھین لی۔یہ واقعہ کھڈونی شمسی پورہ کراسنگ پر پیش آیا۔ ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکار مدثر احمد کو جنگجوئوں نے دبوچ لیا اور اسکی اے کے47رائفل چھین کر فرار ہوگئے۔ مذکورہ پولیس اہلکار سے رائفل چھیننے کی خبر پھیلتے ہی فورسز نے علاقہ کو محاصرے میں لے لیا اور مشتبہ جنگجوئوں کو ڈھونڈنے اور رائفل برآمد کرنے کی کارروائی شروع کی۔  مذکورہ پولیس اہلکار دیوسر کولگام کا رہائشی ہے اور وہ پولیس تھانہ ونپوہ میں تعینات ہے۔ پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔ 
 
 
 

اونتی پورہ ائر فورس سٹیشن میں تعینات | بی ایس ایف اہلکار کی خود کشی

سید اعجاز
پلوامہ // ائر فورس سٹیشن اونتی پورہ میں تعینات سرحدی حفاظتی فورس(بی ایس ایف) کے ایک اہلکار نے اتوار کی صبح اپنی سروس رائفل کا استعمال کر کے زندگی کا کام تمام کردیا۔33ویں بٹالین سے وابستہ پریم پرکاش ولد ہری چندر ساکن ہریانہ نامی کانسٹیبل اونتی پورہ ائر فورس سٹیشن میں تعینات تھا اور اس نے نا معلوم وجوہات کی بنا پر اتوار کی صبح 9بجکر 30منٹ پر خود پر گولی چلائی اور خون میں لت پٹ ہو کر گر پڑا۔ اسے ساتھیوں نے فوری طور پر اسپتال پہنچایا لیکن وہ تب دم دم توڑ چکا تھا۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس رجسٹر کرلیا ہے۔
 
 
 

 ترہگام جنگلات میں  4بارودی سرنگیںبر آمد

اشرف چرا غ 
کپوارہ//پولیس اور فوج نے شمالی ضلع کپوارہ کے ترہگام علاقہ میں 4 بارودی سرنگیں بر آمد کیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کو پولیس اور فوج نے ترہگام علاقہ کے لدر ون اور لدر ناگ جنگلات کا محاصرہ کیا اور تلاشی کارروائی شروع کی جس کے دوران پولیس اور فوج نے دوران تلاشی 4آئی ڈ یز بر آمد کیں اور بعد میں بم ناکارہ کرنے والی ایک ٹیم جائے موقع پر پہنچ گئی اور آئی ڈیز کو ناکارہ کیا ۔ یہ بارودی سرنگیں  پتھروں کے نیچے چھپائی گئی تھیں۔