تازہ ترین

شتکڑی سونہ مرگ میںٹنل کی تعمیر سے رہائشی مکانات کو نقصان | متاثرین ہنوز معاوضہ سے محروم، انتظامیہ سے برہمی کا اظہار

تاریخ    26 جولائی 2021 (00 : 12 AM)   


غلام نبی رینہ
 
کنگن// شتکڑی سونہ مرگ کے لوگوں نے انتظامیہ سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زیڈ مور ٹنل کی تعمیر میں اُن کے رہائشی مکانوں میں دراڑیں پڑگئیں لیکن آج تک کوئی معاوضہ نہیں دیا گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق 2017میں 6.5کلو میٹر زیڈ مور ٹنل کی تعمیر کے دوران   زوردار بلاسٹنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ان کے رہائشی مکانوں میں دراڑیں پڑگئیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ غربت کی وجہ سے وہ ان مکانوں کی کوئی مرمت نہیں کرسکے تاہم معاملہ ضلع انتظامیہ گاندربل کی نوٹس میں لایا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے سب ڈویژنل مجسٹریٹ کنگن کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں محکمہ مال، این ایچ آئی ڈی سی ایل، آر اینڈ بی اور سی ای او سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران شامل تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی نے بستی کا دورہ کرکے بلاسٹنگ سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیکر ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کو ایک رپورٹ پیش کی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ چار سال بیت گئے لیکن آج تک ان کو معاوضہ نہیں دیا گیا  اورانہیں ہمیشہ یہ پریشانی لاحق رہتی ہے کہ اگر برفباری کے دوران ان کے رہائشی مکان گرگئے تو جانی نقصان بھی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے ،ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکاجوتسنا اورایس ڈی ایم کنگن حکیم تنویر سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کا معاملہ انسانی بنیادوں پر حل کرکے جلد ازجلدمعاوضہ فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنے رہائشی مکانوں کی مرمت کرسکیں ۔