تازہ ترین

ہماچل: تودوں کی زد میں آنے سے 9سیاحوں کی موت

تاریخ    26 جولائی 2021 (00 : 12 AM)   


یو این آئی
شملہ//ہماچل پردیش کے کنور ضلع میں سانگلا۔ چتکول قومی شاہراہ پر کل دوپہر ایک ٹیمپو ٹریول کے تووں کی زد میں آنے سے اس میں سوار کم از کم 9 سیاحوں کی موت ہوگئی اور تین دیگر زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹیمپو ٹریول ٹورسٹ کو لیکر وہاں سے گزر رہا تھا کہ اچانک پہاڑی سے چٹانے اور ملبہ آکر ان پر گر گیا۔ 8 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور ایک زخمی نے سانگلا پرائمری ہیلتھ سینٹر میں دم توڑ دیا۔ اس حادثے میں تین لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ گاڑی میں سوار سیاحوں کا تعلق دہلی اور چنڈی گڑھ سے تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کنور ضلع ڈپٹی کمشنر عابد حسین صادق موقع پر پہنچے ۔ تودے گرنے کے سبب گاؤں کے لئے بسپا ندی پر بنا پل بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا جس سے اس گاؤں کا دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے ۔ تودے گرنے کے سبب اس شاہرا ہ سے گزرنے والی متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ پولیس اور انتظامیہ راحت اور بچاؤ کے کام میں مصروف ہیں۔ لیکن پہاڑ سے پتھر گر رہے ہیں جو اس کام میں رخنہ ڈال رہے ہیں۔
 
 

وزیر اعظم کا معاوضے کا اعلان

نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے ہماچل پردیش کے کنور میں ایک حادثے میں ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے اس حادثہ میں اپنی جان گنوانے والوں کے لواحقین کو دو ، دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50,000روپے کامعاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا۔پی ایم او کی طرف سلسلے وار ٹوئیٹ میں، وزیر اعظم نے کہا’’ ہماچل پردیش کے کنّور میں مٹی کے تودے گرنے سے پیش آنے والا حادثہ انتہائی افسوسناک ہے ۔ اس میں جان گنوانے والے لوگوں کے اہل خانہ سے میں دلی تعزیت کرتا ہوں۔ حادثے میں زخمی ہونے والے لوگوں کے علاج کا پورا انتظام کیا جا رہا ہے ۔
 میں ان کی جلد صحت یابی کی تمنا کرتا ہوں: وزیر اعظم نریندر مودی‘‘۔ایک دیگر ٹویٹ میں کہا گیا ہے ، ‘‘ ہماچل پردیش کے کنور میں حادثے سے مرنے والے لوگوں کے ورثا کو پی ایم این آر ایف کی طرف سے 2 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔ زخمیوں کو 50,000 روپے دیے جائیں گے : وزیر اعظم نریندر مودی ۔